یونان: ہفتہ وار محفل بسلسلہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

18 جنوری بروز ہفتہ بعد از نماز مغرب مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل (ریندی) یونان میں ہفتہ وار محفل بسلسلہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس میں لوگوں نے بھرپور شرکت کی، غلام مرتضیٰ قادری (ناظم منہاج القرآن یونان)، عامر علی قادری (نائب صدر منہاج القرآن یونان)، ارسلان خرم چیمہ (ناظم مالیات منہاج القرآن یونان)، مرزا محمد امجد جان (ناظم نشرواشاعت)، عادل شہزاد(صدر منہاج یوتھ لیگ)، شامیر امجد (ناظم یوتھ لیگ)، محمد آصف قادری (ناظم ممبر شپ) اور حاجی محمد الیاس (ناظم ویلفیئر) نے خصوصی شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جس کی سعادت غلام سرور قادری نے حاصل کی، ملک ظفر اقبال اعوان اور مظہر اقبال نے حضور دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ اپنے خصوصی بیان میں غلام مرتضیٰ قادری (ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان) نے کہا کہ قرآن مجید میں ہے کہ آقائے دو جہاں کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے رحمت العالمین بنا کر بھیجا، یعنی حضور سرور کونین تمام عالمین کے لئے رحمت بن کر آئے۔ حدیث پاک میں ہے کہ ایک یہودی کا بچہ ہر روز مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں آتا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو وضو کے لئے پانی مہیا کرتا اور آپ کے نعلین مبارک اٹھا کر رکھتا بیماری کی وجہ سے دو تین دن نہ آنے پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صحابہ کے ساتھ اس یہودی بچے کے گھرتیمار داری کے لئے تشریف لے گئے اس وقت اس کا باپ بھی گھر میں موجود تھا تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے ایمان لانے کو کہا بیٹا باپ کی طرف دیکھنے لگا تو باپ نے کہا کہ ابو قاسم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آئے ہوئے ہیں بیٹا یہ جو کہتے ہیں مان جاو جونہی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دروازے سے باہر نکلے اس لڑکے کی جان قبض ہو گئی۔

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے باہر نکلتے ہی دعا کی کہ اے میرے رب تیرا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ تو نے میرے وسیلے سے ایک یہودی کے بچے کو دوزخ کی آگ سے بچا لیا، منہاج القرآن بھی پوری دنیا میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت کا پرچار کر رہی ہے۔ آو لوگو اس میں شامل ہو جاو تا کہ آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمارا بیڑا بھی پار کر دیں۔آخر میں درودوسلام کے بعد حاضرین میں لنگر تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: مرزا امجد جان

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top