فن لینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
ماہ ربیع الاول شروع ہوتے ہی تمام کائنات میں صل اعلیٰ کی دھوم مچ جاتی ہے، ماہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پوری دنیا میں بسنے والے مسلمان اپنے آقا سے محبت اور عقیدت کا والہانہ اظہار محفل نعت اور جشن میلاد النبی کی محافل منعقد کر کے کرتے ہیں۔ دنیا کے کونے کونے میں مسلمان کم تعداد میں ہوں یا زیادہ ہر عاشق رسول کی کوشش ہوتی ہے کہ ماہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دھوم دھام سے منائے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل فن لینڈ نے 18 جنوری کو ایک نہایت ہی خوبصورت اور بابرکت محفل کا اہتمام کیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ ٹرکش کمیونٹی اور تاتار مسلم کمیونٹی کے مسلمانوں نے شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل اور بغداد یونیورسٹی کے فارغ التحصیل نوجوان مذہبی سکالر الشیخ ناصر علی اعوان تھے جنہوں نے نہایت ہی مدلل علمی و فکری خطاب کیا۔ پروگرام کا آغاز آیات ربانی سے کیا گیا جس کی سعادت ٹرکش مسجد کے امام شرف الدین نے حاصل کی اور قرآنی آیات کا اردو ترجمہ منہاج القرآن فن لینڈ کے جنرل سیکریڑی سید عدنان علی شاہ اور فنش زبان میں ترجمہ ساجد علی نے پیش کیا۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے محبت و عقیدت منہاج القرآن فن لینڈ کے انفارمیشن سیکرٹری جنید احمد نے نچھاور کئے۔
الشیخ ناصر علی اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت سب جہانوں کے لئے ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم بھی ہر لمحہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کریں، تاکہ اس سے ہماری زندگیوں اور گھروں میں برکت پیدا ہو۔ کانفرنس میں تاتار کمیونٹی کے چیئرمین عتیق علی نے تاتار کمیونٹی کا تعارف کرایا اور منہاج القرآن فن لینڈ کو عرفان القرآن کو فنش زبان میں ترجمہ کرنے پر خصوصی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میں فنش زبان میں عرفان القرآن کا خود مطالعہ کیا ہے اور اسکی تحریر بہت شستئہ اور رواں ہے۔ ساجد علی جو ایک فنش مسلم ہیں اور ہیلسنکی یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں، عرفان القرآن کو فنش زبان میں ترجمہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرفان القرآن کو فنش زبان میں ترجمہ کرتے ہوئے مجھے بہت کچھ سیکھنے کو ملاہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الا سلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے نہایت ہی آسان فہم اور ہر خاص و عام کو سمجھ میں آنے والا ترجمہ کیا جو کہ بہت ہی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھی یہ کوشش کی ہے فنش زبان میں بھی وہی روانی رہے جو اردو زبان میں ہے۔
پروگرام کے دوران عرفان القرآن پروجیکٹ میں تعاون کرنے پر تمام افراد کو سرٹیفیکٹ سے نوازا گیا اور سب افراد کا شکریہ ادا کیا گیا۔ پروگرام میں پی ٹی آئی کے صدر سلیمان خان اور فنش اسلامک سنٹر کے صدر راجہ الطاف نے بھی خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض منہاج القرآن فن لینڈ کے متحرک رہنما عبدالباسط نے احسن انداز میں انجام دئیے۔ منہاج القرآن فن لینڈ کے فنانس سیکرٹری ڈاکٹر شیراز احمد نے عرفان قرآن کے پری آرڈر کوپن کو تقسیم کیا اور کانفرنس میں شریک لوگوں نے بھرپور تعاون کیا۔ کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا سٹال بھی لگایا گیا تھا جس میں خواتین و حضرات نے دلچسپی کا اظہار کیا اور خریداری کی۔ انتظامی کمیٹی کے سربراہ محمد اکرام نے بہترین انداز میں شرکاء کی ضیافت میلاد سے ضیافت کرائی۔ پروگرام کے آخر میں منہاج القرآن فن لینڈ کے صدر اعجاز قادری نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا پروگرام میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پروگرام کا اختتام جنید احمد نے درود و سلام سے کیا اور دعا ٹرکش مسجد کے امام شرف الدین نے کی۔
رپورٹ: سید عبدالباسط
تبصرہ