ناروے: مذاکراتی کمیٹیوں کا پورا عمل ایک ڈرامہ ہے۔ پروفیسر حسن میر قادری

پاکستان کے حکمران اس دن سے ڈریں اور وہ دن دور نہیں جب قوم ان کا بستر گول کرنے کے لئے گھروں سے نکل آئے گی

ناروے(نوید احمد اندلسی) منہاج یورپین کونسل کے امیر پروفیسر حسن میر قادری نے کہا ہے کہ پشاور میں ہونے والے بم دھماکے ملک و قوم کی سلامتی کے خلاف گہری سازش ہیں، پشاور دھماکوں جیسے واقعات کا تسلسل پاکستان کو غیر مستحکم کرنے مذہبی اور سیاسی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ملک میں لسانی،علاقائی اور سیاسی بنیادوں پر فسادات کو ہوا دینے کی گھناؤنی سازش ہے۔اسلام انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے اور انسانیت کو امن، برداشت، رواداری، احترام اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے پشاور بم دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں اور وطن عزیز کے امن کو سبو تاژ کر کے عدم تحفظ کا شدید احساس پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج یورپین کونسل کے سیکرٹری میڈیا نوید احمد اندلسی سے ٹیلیفونک گفتگو میں کیا۔

پروفیسر حسن میر قادری نے مزید کہا کہ پاکستان کی بقا اور سا لمیت کیلئے دہشت گردی سب سے بڑا خطرہ ہے۔دہشت گردی کے ذمہ دار نااہل حکمران اور سیاسی لیڈر ہیں جن میں جرات نہیں کہ وہ دہشت گردوں سے ڈیل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹیوں کا پورا عمل ایک ڈرامہ ہے اور قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے ۔ان مذاکرات کی کوئی حیثیت نہیں، محض سیاسی شعبدہ بازی ہے جس کے ذریعے قوم کو ذہنی طور مفلوج کیا جا رہا ہے اور عوام کی توجہ اہم مسائل سے ہٹائی جا رہی ہے، مذاکرات کی گرد اتنی اڑا دی گئی کہ سب کچھ اسی میں گم ہو گیا ہے۔ پورے ملک کے اثاثے بیچ کر کھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اسلام اور پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پارلیمنٹ چند مخصوص خاندانوں کے مفادات کی قیدی بن کر سو رہی ہے اور ملک کو صومالیہ، ایتھوپیا اور افغانستان بنایا جا رہا ہے۔ سیاست دانوں نے ذاتی مفادات کی خاطر پوری قم کو لقمہ اجل بنا دیا ہے۔ دہشت گردی کا عفریت ملک کو کھا رہا ہے۔ پروفیسر حسن میر قادری نے کہا کہ حکمران اس دن سے ڈریں اور وہ دن دور نہیں جب ڈاکٹر طاہرالقادری کی کال پر پاکستانی قوم لاکھوں اور کروڑوں کی تعداد میں اپنے گھروں سے نکل آئے گی اور ان ظالم حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top