گیس بحران اور لوڈ شیڈنگ کے باعث مزدور بے روزگار، دو لقموں کا حصول بھی ناممکن ہو گیاہے۔ بشارت عزیز جسپال
مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کردیا
بنیادی ضروریات سے محرومی پاکستانی عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے
عوام کو موجودہ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا تاکہ حقیقی قیادت ملک کی باگ ڈور
سنبھال سکے
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ پاکستان قیادت کے بد ترین بحران کا شکار ہے اور اس کا المیہ یہ ہے کہ اقتدار پر براجمان لیڈر نہیں ہیں اور حقیقی لیڈر اقتدار میں نہیں ہیں۔ عوام کو موجودہ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا تاکہ حقیقی قیادت ملک کی باگ ڈور سنبھال سکے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کردیا ہے۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، لوڈ شیدنگ، گیس بحران اوربے روز گاری کے عذاب نے 18کروڑ عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ گیس بحران اور لوڈ شیڈنگ کے باعث مزدور بے روزگار ہیں اور دو لقموں کا حصول بھی ناممکن بن گیاہے۔ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں آئے روز کے اضافے نے پاکستانیوں کو بے حال کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں فیصل آباد سے آئے ہوئے عہدیداران کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میاں عبد القادر، ذوالفقار ایڈووکیٹ، حاجی ولایت قیصر، مشتاق احمد، راجہ ندیم اور عبد الحفیظ چوہدری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات سے محرومی پاکستانی عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے۔ مسائل کی دلدل میں دھنسے پاکستان کے مقتدر طبقوں کو احساس نہیں کہ اس کے وجود کو کتنے خطرات لا حق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جن سنگین اور گھمبیر مشکلات کا سامنا ہے اس کے پیش نظرسیاستدان طبقہ برداشت کے کلچر کا عملی مظاہرہ کرے ملک اور عوام کے حال پر رحم کریں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں ملک کو بحران سے نکالنے پر مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس پر تشدد رویے کو کچلنے کیلئے موثر اور سنجیدہ کارروائی کریں اور مذہبی و لسانی بنیادوں پر انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتا ہوا تشدد معاشرے کے اندر پائی جانیوالی تنگ نظری، انتہا پسندی اور لسانی و صوبائی عصبیت کو ظاہر کرتا ہے۔
تبصرہ