ڈنمارک: منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیر اہتمام خواتین کا تربیتی کیمپ
مورخہ 2 نومبر 2013 کو منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک میں ایک روزہ تربیتی کیمپ برائے ویمن لیگ و یوتھ لیگ کا اہتمام کیا گیا جس کی مہمان خصوصی بلجیم سے تشریف لائی منہاج یورپین کونسل کی کوآرڈینیٹر برائے خواتین سمیرا فیصل تھیں۔
اس ایک روزہ کیمپ میں ڈنمارک کے چاروں مراکز کی خواتین اور یوتھ نے شرکت کی۔ سمیرا فیصل نے مشن کے اغراض و مقاصد پر مفصل روشنی ڈالی اور کہا کہ منہاج القرآن کا اہم مقصد معاشرے میں ایک ایسی تبدیلی لانا ہے جس سے ہماری اخلاقی اور روحانی قدریں زندہ ہوسکیں اور امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا وہ وقار اور عزت حاصل کر سکے جو اسکو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عطا فرمایا تھا۔ آج کے دور میں لوگوں کا اللہ تعالیٰ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور قرآن سے تعلق یا تو ٹوٹ گیا ہے یا کمزور ہو گیا ہے۔ منہاج القرآن کا یہ مشن ہے کہ دعوت الی اللہ اور دعوت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے اس ٹوٹے ہوئے تعلق کو جوڑا جائے اور کمزور تعلق کو مظبوط کیا جائے تا کہ ہم اس دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔ اللہ رب العزت سے تعلق کو بحال کرنا اور مضبوط کرنا ذکر الہیٰ، محبت الہیٰ، خوف الہیٰ، اطاعت الہی اور عبادت الہیٰ سے ممکن ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق کی مضبوطی ان سے والہانہ محبت،انکی تعلیمات کی پیروی اور انکی فرمانبرداری سے ممکن ہے۔ قرآن سے تعلق کو بحال کرنے اور مضبوط کرنے کے لئے ضروری ہے کہ قرآن کی تلاوت کی جائے اور قرآن کو سمجھا جائے اور قرآنی احکامات پر عمل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منہا ج القرآن اسلام کے علمی، عملی اور روحانی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی اخلاقی اور روحانی تربیت کرنے کا فریضہ بھی سرانجام دے رہی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ اور یوتھ لیگ کے لئے سمیرا رفاقت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انکو ہفتہ وار آن لائن لیکچر دیا کریں گی جسکے ذریعے وہ گھر بیٹھے کمپیوٹر پر دینی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تنظیمی معاملات کو سمجھنے اور انکو بہتر طور پر چلانا بھی سیکھ سکیں گی۔
رپورٹ: ڈاکٹر شبانہ احمد
تبصرہ