فیصل آباد: مسلمانوں کے زوال اور پسماندگی کی وجہ اسلامی اقدار وروایات سے روگردانی ہے۔ سیدہ کلثوم اختر
فیصل آباد ( ) منہاج القرآن ویمن لیگ پی پی 71 کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ کلثوم اختر نے کہا کہ آج مسلمانوں کی پسماندگی اور زوال کی وجہ اپنی اسلامی اقدار وروایات سے روگردانی ہے۔ آج ماؤں نے اپنے بچوں کی تربیت خود کرنے کی بجائے انہیں الیکٹرانک میڈیا کے سپرد کر دیا ہے، جو عمومی طور پر اسلام دشمن ہاتھوں میں ہے اور جو اسلامی اقدار کا جنازہ نکال رہا ہے۔ فحش اور غیر اسلامی چینلز اپنے پروگراموں کے ذریعے نئی مسلمان نسل کو اسلامی روایات اور اقدار سے بہکا کر غیر اسلامی اقدار وروایات کا رسیا بنا رہے ہیں جس کی وجہ سے نئی نسل اسلام سے عملاً دور ہوتی جا رہی ہے۔ ایک مسلمان خاتون کے لیے سیدہ کائنات حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا رول ماڈل ہیں مگر موجودہ دور میں اسلامی کلچر سے بے بہرہ مسلم خاتون فحاشی اور عریانی کا شکار ہو چکی ہے اور غیر اسلامی کلچر کو اپنانے کی وجہ سے آج مسلم اور غیر مسلم عورت میں تمیز کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
اس موقع پر روبینہ خاکی، مصباح افتخار، قمرالنساء خاکی، ثمر سعید، مسز سرفراز قادری بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے روپ میں ایک اچھوتا اور مقدس رشتہ عطا کیا ہے تاکہ عورت معاشرے میں تخریب کی بجائے تعمیر واصلاح کا فریضہ سرانجام دے سکے۔ عورت کو چاہیے کہ شر م وحیاء کا پیکر بن کر تعلیمی، معاشی، اقتصادی اور معاشرتی میدان میں مردوں کا ہاتھ بٹائے تاکہ معاشرے کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکے۔ معاشرے میں خواتین کے تقدس کی بحالی کیلئے مؤثر اور فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
تبصرہ