اسلام آباد سمیت ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 63ویں سالگرہ کے کیک اندرون ملک اور ساری دنیا میں کاٹے گئے
جیلوں میں کھانا تقسیم، مرکزی سطح پر بکروں کا صدقہ دیا گیا،
کارکنوں نے گھروں میں چراغ روشن کئے
شکرانے کے نوافل، کبوتر آزاد کئے گئے، ای میلزاور موبائل پیغامات کے ذریعے مبارکباد
کا سلسلہ جاری
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 63ویں سالگرہ پاکستان سمیت دنیا کے پانچوں براعظموں میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ یورپ، برطانیہ، خلیج، امریکہ، نارتھ امریکہ، افریقہ اور جنوبی ایشیا ء کے 100 سے زائد ممالک اورملک بھر میں یونین کونسل سطح تک تنظیمات نے تقریبات کا انعقاد کیا جس میں کارکنوں نے قائد ڈے کی تقریبات کے کیک کاٹے اندرون و بیرون ملک لاکھوں کارکنوںنے 19فروری کا آغاز دعائیہ محافل سے کیا شکرانے کے نوافل ادا کیے، صدقات دیے، ایک دوسرے کو تحائف دیے اور سالگرہ کے کیک کاٹے، ای میلز اور موبائل پیغامات کے ذریعے مبارکباد دی۔ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے زیراہتمام G,11 میں اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام کمیونٹی سنٹر کراچی کمپنی اسلام آباد میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی سالگرہ کی بڑی تقریبات منعقد ہوئیں۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے اندرون اور بیرون ملک اسلامک اور کلچرل سینٹرز کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا اور وہاں کارکنوں کی خوشی اور مسرت کا عالم دیدنی تھا، یورپ کے مختلف ممالک میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔ سینکڑوں کارکنوں نے ملک کی مختلف جیلوں کے قیدیوں میں کھانا تقسیم کیا۔ مرکزی سطح پر ماڈل ٹاؤن میں63 بکروں کا صدقہ دیا گیا، کبوتر آزاد کیے گئے اور مرکز ی قائدین نے منہا ج یونیورسٹی کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں63، 63 پاؤنڈ کے پانچ کیک کاٹے، کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور ڈاکٹر طاہر القادری کی دینی، علمی اور سیاسی خدمات کے حوالے سے ترانے گائے۔
مرکزی سطح پر منہاج یونیورسٹی ٹاؤن شپ میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ ڈاکٹر اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے میں نوجوانوں کا کلیدی کردار تھا۔ نوجوانوں کے عزم مصمم کے آگے سامراج کی سازشیں ناکام ہوئیں اور پاکستان کا وجود ممکن ہو گیا۔ آج ریاست پاکستان کو بچانے کیلئے نوجوانوں کو استحصالی نظام سے آئینی حدود کے اندر رہ کر ٹکر لینا ہو گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں تکمیل پاکستان کا وقت قریب آ گیا ہے۔ نوجوان انقلاب کو پہلی ترجیح بنا لیں تو رواں سال تبدیلی کا سورج طلوع ہو جائے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جن سے جنوبی ایشیاء اور عالم اسلام کا عروج و تمکنت وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقات کے حقوق کیلئے جدو جہد کوڈاکٹر طاہر القادری کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رکھے ہوئے ہے اور آج کا دن لاکھوں کارکنوں کیلئے تجدید وفا کا دن ہے کہ وہ اس عظیم قیادت کی رہنمائی میں مصطفوی انقلاب کی منزل کو ضرور حاصل کریں گے۔ ملت اسلامیہ کے کروڑوں مسلمان ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، روحانی، تعلیمی، سیاسی اور سماجی خدمات سے استفادہ کررہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اورتحریک منہاج القرآن کا عالم گیر پھیلاؤ اور اس کی موثریت اس بات کی گواہ ہے کہ33سال کے قلیل عرصہ میں تحریک منہاج القرآن دنیائے اسلام کی سب سے بڑی تحریک کا روپ دھار چکی ہے اور یہ سب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن کی بدولت ہے۔ آج دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن اورپاکستان عوامی تحریک کے لاکھوں کارکن عہد کرتے ہیں کہ ہم عظیم قائد کی عظیم فکر کے امین بن کر ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔
تبصرہ