عوام کو حقوق کا شعور دلانا ہمارا مشن ہے۔ حفیظ اعوان

ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں عوام کو تحفظ حاصل ہو اور عوام کی فلاح وبہبود ہو اور انسانی اقدار پروان چڑھیں

تحریک منہاج القرآن اسلام آباد سٹی کے ناظم حفیظ اعوان نے کہا ہے کہ عوام کو حقوق کا شعور دلانا ہمارا مشن ہے۔ عوام کو علم نہیں تھا کہ پاکستان کا آئین ان کے حقوق کا ضامن ہے، غریب عوام کو اپنے حقوق کے حصول کا شعور نہیں تھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو آئین کا شعور دیا۔ تحریک منہاج القرآن پسے ہوئے طبقات کو علم اور شعور کے حصول کے لئے بیدار کر رہے ہیں۔ وہ تحریک منہاج القرآن اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز کے عہدیداران سے ضلعی سیکرٹریٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر رشید عالم، عثمان بٹ، محبوب الہی، حافظ منظور اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں عوام کو تحفظ حاصل ہو اور عوام کی فلاح وبہبود ہو اور انسانی اقدار پروان چڑھیں۔

حفیظ اعوان نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے جس سے انسانیت کی تذلیل کا خاتمہ کیاجائے گا۔ جہالت کے خاتمے کے بغیر کسی مثبت تبدیلی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ مہنگائی، غربت اور لوڈشیڈنگ عوام پر عذاب بن کر مسلط ہیں۔ حکومت کی طرف سے غربت کے خاتمہ کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی۔ غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی عوام کش پالیسی کو فی الفور ختم کیا جائے اور حکومت اپنے اضافی اخراجات کو کم کر کے عوام کو ریلیف دے۔ ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہیے تو یہ تھا کہ مزدوروں کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جائے ان کو طبی اور فنی سہولتیں دی جاتیں لیکن حکمران اقتدار میں آ کر سب کچھ بھول گئے اور عوام کو ریلیف نام کی کوئی چیز نہ مل سکی۔ عوام کو حقیقی ریلیف اس وقت نصیب ہو گا جب نظام تبدیل ہو گا۔ موجودہ نظام نے غربت کی بجائے غریب کا خاتمہ کر دیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top