ڈیرہ غازی خان: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام قائد ڈے کی تقریب

تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک ڈیرہ غازیخان کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 63 ویں سالگرہ کے موقع پر بخاری میرج ہال میں قائد ڈے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈیرہ غازیخان کی تمام یونین کونسلز کے عہدیداران کے علاوہ وکلا، تاجر، ڈاکٹرز، طلباء اور علاقے کے معززین نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، بعد ازاں کارکنان نے ڈاکٹر طاہر القادری کی دینی، علمی اور سیاسی خدمات کے حوالے سے ترانے گائے اور نظمیں پیش کی۔ اس موقع پر ریاض احمد خان علیانی، طارق رحیم، اقبال ثاقب، منظور احمد لنڈ رہنماء پی پی، شوکت گلیانی ایڈووکیٹ، حنیف مہتر، غلام حیدر، مفتی جمیل قادری، قاری رحمت اللہ، ملک رفیق، زین العابدین، ربنواز، سعید مصطفوی، آفتاب بزدار، غلام اکبر، حافط سراج احمد بھی شریک تھے۔

تقریب سے ڈاکٹر ساعد اختر بلوچ امیر تحریک منہاج القرآن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اقبال رحمتہ اللہ علیہ اور محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے میں نوجوانوں کا کلیدی کردار تھا۔ نوجوانوں کے عزم مصمم کے آگے سامراج کی سازشیں ناکام ہوئیں اور پاکستان کا وجود ممکن ہو گیا۔ آج ریاست پاکستان کو بچانے کے لیے نوجوانوں کو استحصالی نظام سے آئینی حدوو کے اندر ٹکر لینا ہو گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں تکلمیل پاکستان کا وقت آگیا ہے۔ نوجوان انقلاب کو پہلی ترجیح بنا لیں تو رواں سال تبدیلی کا سورج طوع ہو جائے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جن سے جنوبی ایشا اور عالم اسلام کا عروج وتمکنت وابستہ ہے۔

دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج تجدید وفا کرتے ہیں کہ اس عظیم قیادت کی رہنمائی میں مصطفوی انقلاب کی منزل کو ضرور حاصل کریں گے۔ ملت اسلامیہ کے کروڑوں مسلمان ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی، سیاسی اور سماجی خدمات سے استفادہ کر رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کا عالم گیر پھیلاؤ اور اس کی موثریت اس بات کی گواہ ہے کہ 33 سال کے قلیل عرصہ میں تحریک منہاج القرآن دنیائے اسلام کی سب سے بڑی تحریک کا روپ دھار چکی ہے جس کا سہرا ڈاکٹر طاہر القادری کے سر ہے۔ آج ہم عہد کرتے ہیں کے ہم عظیم قائد کی عظیم فکر کے امین بن کر ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ اس موقع پر عمدہ کارکاکردگی کرنے والے کارکنان کو خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا۔ اختتام پر ڈاکٹر طاہر القادری کی درازئ عمر اور پاکستان کی خوشحالی سلامتی اور امن کے دعا کی گئی اور کیک کاٹا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top