ہالینڈ: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سالگرہ کی تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کے زیر اہتمام مورخہ 19 فروری کو بانی وسرپرست اعلیٰ منہاج القرآن ا نٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 63 ویں سالگرہ کا اہتما م کیا گیا جس میں منہاج القرآن کے رفقاء واراکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ نذیر احمد قادری نے کہا کہ دنیا میں آج تک انسانیت کے حقوق کے لئے جدوجہد ہوتی رہی ہے ہر بار اس جدوجہد کے مقابل سوچ سرمایہ دارانہ ہوتی تھی جیسے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے مقابل فرعون اپنے وقت کادولت مند ترین شخص تھا، حضرت ابراہیم علیہ السلام کے مقابل نمرود،حضرت حسین علیہ السلام کے مقابل یزید اوراللہ کے پیارے حبیب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقابل بھی مکہ کے سرمایہ دار سردار ہی تھے۔گویا جب بھی کوئی شخص عوام کے حقوق کی بات کرے گا تو وقت کا سرمایہ دار طبقہ جو علاقائی وسائل پر قابض ہوگا وہ اس آواز کے سامنے دیوار بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی انقلابی جدوجہد 23 دسمبر2012 کو آخری مراحل میں داخل ہوئی تو لاہور کے عظیم الشان جلسے میں پاکستان بھر کے عوام نے ریاست بچانے کے نعرے پر لبیک کہہ کر استحصالی نظام کے ورثاء کی نیندیں حرام کر دیں اور 17 جنوری 2013 کرپشن کے محافظ سرمایہ دار اکٹھے ہو کر ایک دیوار بن گئے، کیونکہ عوام کے لئے حقوق مانگنا اور آئین کو اپنی اصل روح کے ساتھ نافذ کرنے کا مطالبہ انہیں اچھا نہیں لگ رہا تھا حالانکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں اس پرامن انقلابی جدوجہد میں آج تک کسی کے جان ومال کو نقصان نہیں پہنچا اور ہمارے قائد کو پوری دنیا سفیرِامن کے نام سے جانتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام کے چہرے سے دہشت گردی کی گرد کو جس علمی دلیل کے ساتھ ڈاکٹر طاہر القادری نے صاف کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے اور پوری دنیا میں دین اسلام کے بارے رائے کو بدل کر رکھ دیا ہے اور اسلام کو پرْامن اور دینِ محبت کے طور پر پیش کر کے دنیا کے مسلمانوں اور دین اسلام کی بے مثال خدمت کی ہے اور ان کی علمی دلیل کو دشمن بھی رد نہیں کر سکتا۔ سیاست نہیں ریاست بچاؤ کے نعرے سے یہ انقلابی جدوجہد اپنی منزل کے قریب پہنچ چکی ہے اورانقلاب یا شہادت کا فائنل مرحلہ عنقریب کروڑ نماریوں کی جماعت سے شروع ہونے والاہے اور پاکستان کے عوام ڈاکٹر طاہر القادری کی آواز پر اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے تیار ہوچکے ہیں اللہ ہمارے قائد کو سلامتی فرمائے اور اس پر امن سبز انقلاب کو ساحلِ مراد نصیب ہو اور ملک پاکستان دنیا میں ترقی حاصل کرے اور پاکستان کے عوام جو کرپٹ اور استحصالی نظام میں جکڑے ہوئے ہیں انہیں آزادی نصیب ہو۔

تقریب سے علامہ احمد رضا نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو قائد ڈے پر مبارکباد دیتے ہوئے پیغام دیا کہ پاکستان میں سبز انقلاب اپنی کامیابی کے بالکل قریب ہے جس کے لئے ہمیں اپنے قائد کی کال کا انتظار ہے اور ہمیشہ کی طرح ہم پاکستان کو اس ظالمانہ نظام سے آزاد کرانے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ منہاج یورپین کونسل کی رکن محترمہ سمیرافیصل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سب کو اپنا محاسبہ بھی کرنا ہوگا کہ ہم دینِ اسلام کے تعلیمات پر کتنا عمل کرتے ہیں اورہماری اخلاقی صورتحال تقویٰ طہارت پر کتنی کاربندی ہے؟ اپنے قائد سے محبت کا دعویٰ ہم سے یہ تقاضہ کرتا ہے کہ ہمارے اخلاق اعلیٰ ہوں ہم اللہ اور اسکے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کے باغی نہ ہوں ہم پرامن اور انسانیت سے محبت کرنے والے ہوں۔ آخر میں صدرچوہدری خالد محمود نے قائد ڈے پرحاضرین کو مبارکباد دی اور تمام معزز مہمانوں اور شرکاء تقریب کا دلی شکریہ ادا کیا۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top