برطانیہ: منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے زیر اہتمام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سالگرہ کی تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے راہنماؤں نے کہنا ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مغربی معاشرے میں پروان چڑھنے والے نوجوانوں کو وہ علمی شعور دیا ہے جس کی وجہ سے انتہا پسندی اور بنیاد پرستی کو جانے والے تمام راستوں کے سامنے بند باندھ دیا گیا ہے، نوجوان نسل کو دینی علوم کے اس اسلحہ سے لیس کر دیا گیا ہے جس کے ساتھ ایسے تمام حملوں کو دفاع ممکن ہو گیا ہے جو دہشت گردی کے نام پر دین اسلام اور امت مسلمہ کے ساتھ نتھی کئے جا رہے تھے۔

ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 63 ویں سالگرہ کے حوالے سے ادارہ منہاج القرآن برطانیہ میں 19 فروری 2014 کو منعقدہ پر وقار تقریب کے شرکاء سے برطانیہ و یورپ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے چیف اورگنائزر ڈاکٹر رحیق عباسی،الشیخ سہیل احمد صدیقی،علامہ ذیشان قادری، سید علی عباس بخاری نے خطاب کیا جبکہ حاجی محمد یونس، حاجی محمد نوید قادری، شاہد مرسلین،محمد شاہنواز،ڈاکٹر زاہد اقبال، علامہ محمد کاشف، حاجی عبدالغفور، عباس عزیز، خرم شہزاد، غلام نبی، منہاج ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ کے عہدیدران بھی سٹیج پر موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ استحصال زدہ طبقات کے خلاف ڈاکٹر طاہر القادری کی جدوجہد جاری رہے گی اور منہا ج القرآن کے کارکن دنیا بھر میں ان کے دست و بازو بن کر سیسہ پلائی دیوار کی طرح ان کے ساتھ ہم قدم رہیں گے آج کے اس پرمسرت موقع پر منہاج القرآن کے کارکنوں کے لئے تجدید وفا کا دن ہے اور انشااللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں مصفطوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا، سید علی عباس بخاری نے کہا کہ آج ہمیں پاکستا ن کی ریاست کو بچانے کے لئے باطل کی قوتوں سے ٹکر لینا ہو گی اور استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا اس کے بغیر پاکستان کو مستحکم و خوشحال بنانا دشوار ہو گا۔ علامہ سہیل صدیقی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری نے بیڑہ اپنے ذمہ لے رکھا ہے اور انشااللہ ان نظریات کو حقیقی شکل دینے تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ منہاج القرآن نے ایک مختصر عرصے میں دنیا اسلام کی ایک بھر پور قوت والی تحریک کا روپ دھار چکی ہے اور یہ آپ کی قائدانہ صلاحیتوں کے بغیر ممکن نہ تھا کیوں کہ آپ عالم اسلام کے وہ واحد لیڈر ہیں جن سے پورا عالم اسلام اور خصوصا نوجوان نسل امیدیں وابسطہ کئے ہوئے ہیں۔

ڈائریکٹرادارہ منہاج القرآن لندن نے کہا کہ اقوام متحدہ اور ورلڈ اکنامک فورم جیسے بین الاقوامی اداروں میں منہاج القرآن کی مقبولیت ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی و تحقیقی خدمات کے مرہون منت ہے دہشت گردی کے خلاف جامع فتوی سمیت عرفان القرآن کے اردو و انگریزی تراجم اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پاک انگلش میں مدلل کتاب نے عالمی سطح پر مسلمان نوجوان نسل کو وہ انقلابی سوچ دی ہے جس کے ذریعے کسی بھی ماحول اور معاشرے میں انتہا پسندی کے دائرہ سے باہر نکلنے میں مدد ملتی ہے۔ تقریب سے فاطمہ مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے دینی علوم کے ذریعے خواتین کو اپنے حقوق سے آگاہی دی ہے اور وہ حوصلہ اوراعتماد دیا ہے کہ خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ دینی حدود کے اندر رہتے ہوئے صحت مند اور خوشحال معاشرے کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر طاہر القادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور علامہ طارق نعیم نے ان کی صحت و تندرستی اور عمردرازی کے لئے دعا کی۔

رپورٹ: مرزا آفتاب بیگ

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top