کوہاٹ: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام سفیر امن سیمینار

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں تحریک منہاج القرآن کوہاٹ نے ایوب صابر ہال باچا خان لائبریری میں عالمی سفیر امن سیمینار کا انعقاد کیا، جس میں مرد وخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ قاری عبد القیوم نے حاصل کی،جبکہ بارگاہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں محمد انور خان قادری نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ضیاء اللہ بنگش رکن خیبر پختونخواہ اسلمبلی مہمان خصوصی تھے۔ علاوہ ازیں علماء ومشائخ، پروفیسرز، ڈاکٹرز، انجینیئرز، وکلاء اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ حافظ محمد عبد الجلیل امیر تحریک کوہاٹ ڈویژن نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات بطور مفسر، محدث، معلم، ماہر قانون، ماہر اقتصادیات، مفکر، مصنف، ماہر تعلیم، سیاستدان، سوشل ورکر اور عالمی سفیر امن پر روشنی ڈالی۔

معروف شاعر شاہد زمان، پروفیسر محمد اسلم فیضی، شجاعت علی راہی، اور ماہر تعلیم پروفیسر محمد اقبال نے شیخ الاسلام کی شخصیت اور خدمات کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ شیخ الاسلام کی خدمات کے حوالے سے ویڈیو کلپس بھی دکھائے گئے۔ تقریب کے اختتام پر حافظ محمد عبد الجلیل نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مہمان خصوصی کو شیخ الاسلام کا تاریخی فتوی پیش کیا گیا۔ پروفیسر محمد اسلم فیضی نے اختتامی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top