سالانہ سپورٹس فیسٹیول 2014ء کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز منہاج یونیورسٹی لاہور

سپورٹس فیسٹیول کی تقریب تقسیم انعامات میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی خصوصی شرکت
ایسی سرگرمیاں کسی بھی انسٹیٹیوٹ کا جزو لازم ہیں۔
ان سرگرمیوں سے انسٹیٹیوٹ کا ماحول خوشگوار ہوتا ہے اور طلبہ کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز منہاج یونیورسٹی لاہور میں منہاج سپورٹس کلب نے سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 63ویں سالگرہ کے موقع پر 5 روزہ سالانہ سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا۔ فیسٹیول کا آغاز مؤرخہ 18 فروری 2014ء کو ہوا جو 22 فروری 2014ء تک جاری رہا۔ اس دوران کرکٹ، فٹبال، والی بال سمیش، والی بال شوٹنگ، نیٹ بال، ہینڈ بال، باسکٹ بال، رسہ کشی، کبڈی، بیڈمنٹن اور مارشل آرٹس کے علاوہ 20 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔ جن میں تمام کلاسز سے مختلف ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔

مؤرخہ 22 فروری 2014ء کو صبح 9:00بجے فائنل میچز کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری (صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل)، بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال خان (نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل)، خرم نواز گنڈاپور (ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن)، ملک خان محمد (پرنسپل COSIS)، جی ایم ملک (ڈائریکٹر امور خارجہ)، مفتی عبد القیوم خاں ہزاروی، محمد صادق قریشی (وائس پرنسپل COSIS)، ڈاکٹر شفاقت الازہری، ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد سمیت دیگر اساتذہ کرام اور سٹاف نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری غلام رسول سعیدی کو حاصل ہوئی اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت بلاول اسحاق نے حاصل کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض عرفان محمود، عاصم شہباز اور کامران صدیق نوری نے ادا کئے۔

اس کے بعد فائنل میچز کا باقاعدہ آغاز ہوا، جو کہ 2:00 بجے تک جاری رہے۔ کھیلوں کے بعد معزز مہمانان گرامی نے پوزیشنز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری (صدر تحریک منہاج القرآن) نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منہاج سپورٹس ڈیپارٹمنٹ COSIS کی خدمات کو سراہا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں  کسی بھی انسٹیٹیوٹ کا جزوِ لازم ہیں۔ ان سرگرمیوں سے انسٹیٹیوٹ کا ماحول خوشگوار ہوتا ہے اور طلبہ کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔

تقریب کے اختتام میں ڈائریکٹر سپورٹس منہاج یونیورسٹی لاہور اقبال مرتضیٰ حیدر نے مہانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نےدعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top