فیصل آباد: مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (پی پی 72) کے زیر اہتمام ‘‘سفیر امن سیمینار’’

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پی پی 72 فیصل آباد کے زیر اہتمام نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سالگرہ کے سلسلہ میں سفیر امن سیمینار منعقد ہوا۔ جس کی صدارت ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کی مہمان خصوصی مرکزی ناظم تنظیمات انجینئر محمد رفیق نجم تھے۔ سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے کیا گیا۔ سیمینار میں ضلعی ناظم میا ں کاشف محمود، مرکزی نائب صدرایم ایس ایم رانا تجمل حسین، پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر رانا طاہر سلیم، جنرل سیکرٹری میاں عبدالقادر، صدر یوتھ لیگ ملک عامر اقبال، ضلعی صدر ایم ایس ایم محمد عامر مصطفوی، جنرل سیکرٹری عتیق الرحمن، ضلعی امیر علماء کونسل علامہ عزیزالحسن اعوان، سرپرست ویمن لیگ پروفیسرسیدہ اختر کلثوم، قرۃ العین فاطمہ، حاجی امین القادری، محمد آصف عزیز، علامہ منیر شہباز، مبین خالد، طارق محمودانجم، سلیم اقبال ودیگر ضلعی و صوبائی عہدیدران نے بھرپور شرکت کی۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم تنظیمات انجینئرمحمدرفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے غیرت ملی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا۔ دہشت گردی کے فتنے کو کچلنے کا بہترین حل آپریشن ہے کیونکہ مکالمہ انسانوں سے ہوتا ہے درندوں سے نہیں۔ بد امنی، ظلم، بربریت، لاقانونیت اور دہشت گردی کے خلاف عوام کو اٹھنا ہو گا اور ڈاکٹر طاہر القادری کا دست و بازو بن کر ملکی مفادات کی دھجیاں اڑانے والے حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر پھینکنا ہو گا۔ ملکی حالات متقاضی ہیں کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام انقلاب و امن لے کر گلی گلی کوچہ کوچہ پھیل جائیں اور شعور انقلاب کو قوم کے ذہنوں کی تختیوں پر کندہ کر دیں۔ عوام پاکستان گھروں سے نکلیں گے تو انقلاب آئے گا۔

ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا کہ دو سے تین سو خاندان عوام کا معاشی و سیاسی استحصال کر رہے ہیں۔ عوام یقین پیدا کریں کہ انقلاب سے ہی مسائل حل ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری تاریخ کی آواز بن کر پسے ہوئے طبقات کو انقلاب کی نوید سنا رہے ہیں۔ عوام ان کا دست و بازو بن کر مفلسی اور عدم تحفظ سے نجات پائیں۔ پروگرام کے اختتام پر غلام عباس اور ہمنوا نے قوالی پیش کی اور سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کے ضلعی نائب امیر اللہ رکھا نعیم القادری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی درازئ عمر کے لیے دعا فرمائی۔

 

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top