لاہور: مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام آل پاکستان ٹریننگ ورکشاپ

مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام صفہ ہال مرکزی سیکرٹریٹ میں عظیم الشان آل پاکستان ٹریننگ ورکشاپ برائے معلمین بعنوان "مصطفوی انقلاب میں معلمین کا کردار" کا انعقاد کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی محترم صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل تھے۔ کیمپ میں ملک بھر سے 60 سے زائد معلمین نے بھر پور انقلابی جذبے سے شرکت کی۔ کیمپ کی خاص بات یہ تھی کہ پہلی مرتبہ معلمین کی تنظیمی وانتظامی تربیت کے لئے خاص ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا تھا تاکہ وہ معلمین جو فیلڈ میں عرفان القرآن کورسز، آئیں دین سکھیں کورسز، آئیں حدیث سیکھیں کورسز اور عرفان العقائد کورسز کی تدریس کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں انہیں ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری میں عملی طور پر شامل کیا جائے۔

اس کیمپ میں تمام معلمین کو باہمی مشاورت سے 20، 20 مصطفوی کارکن بنانے کا ٹارگٹ دیا گیا۔ جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا۔ کیمپ میں باقاعدہ طور پر معلمین کے نیٹ ورک کی بحالی کے لئے ابتدائی طور پر 10 ضلعی کوآرڈینیٹرز کا بھی تقر ر کیا گیا جو اپنے اپنے اضلاع میں معلمین کے نیٹ ورک کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

کیمپ میں باقاعدہ طور پر ''عرفان العقائد کورس '' اور ''فروغ دین بذریعہ خط و کتابت کورس'' کا اجراء بھی کیا گیا۔ کیمپ میں معلمین کو تمام کورسز کے متعلق تفصیلی بریفنگ نائب ناظم تربیت علامہ محمد طیب قادری نے دی۔ مرکزی ناظم تربیت محترم علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے مصطفوی انقلاب میں معلمین کا کردار ان کے ٹارگٹس کے حوالے سے انتہائی پرمغز اور مؤثر گفتگو کی۔ محترم پرفیسر محمد اشرف چوہدری ڈائریکٹرایڈمنسٹریشن منہاج ٹریننگ اکیڈمی نے فروغ دین بذریعہ خط و کتابت کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی۔ حافظ سعید رضا بغدادی نے معلمین کے نیٹ ورک کے قیام کے لئے بریفننگ دی اور 10 ضلعی کوآرڈینٹرز کا تقرر کیا۔

یاد رہے کہ نظامت تربیت کے زیراہتمام معلمین نیٹ ورک میں 500 سے زائد کوالیفائڈ معلمین کی ٹیم ہے جو بحمد للہ ٪90 ماسٹرز ڈگری ہولڈرز ہیں۔ لہذا اس نیٹ ورک کی فعالی کے لئے نظامت تربیت کا یہ انقلابی قدم تھا جس میں پہلے فیز میں 60 سے زائد معلمین نےملک بھر سے شرکت کی۔ کیمپ کی سب سے خاص بات مہمان خصوصی محترم صاحبزادہ ڈاکٹرحسین محی الدین قادری کی انتہائی پراثر، مدلل اور انقلابی گفتگو تھی، جس نے معلمین کے اندر مصطفوی انقلاب کے لئے تن، من اور دھن لٹانےکی تڑپ کو اور زیادہ جگا دیا۔ انہوں نے معلمین کی اخلاقی وروحانی تربیت کے لئے خصوصی ہدایات بھی دیں اور ورکشاپ کے انعقاد پر محترم غلام مرتضیٰ علوی اور نظامت تربیت کی ساری ٹیم کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر نظامت تربیت کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 63 ویں سالگرہ کا 20 پونڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا۔ آخر میں تمام معلمین کے لئے نظامت تربیت کی طرف سے کھانا پیش کیا گیا، اس طرح یہ پروقار انقلابی وتربیتی ورکشاپ کا اختتام ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی خصوصی دعا سے ہوا۔

رپورٹ: مجاہد حق نواز

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top