گوجرہ: سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ برائے رضاکاران

مورخہ: 02 مارچ 2014ء

تحریک منہاج القرآن اور اس کے جملہ فورمز کے زیراہتمام 02 مارچ 2014ء بروز اتوار سوشل میڈیا پر کام کرنے والے رضاکاران کے لئے تحصیل دفتر تحریک منہاج القرآن گوجرہ میں سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 40 سے زائد نوجوانوں اور خواتین نے شرکت کی۔ کیمپ کے مقاصد میں سوشل میڈیا کا مثبت اور بہترین استعمال، سوشل میڈیا پر عملی کام کے دوران احتیاطی تدابیر سے آگہی اور سوشل میڈیا کو حقیقی تبدیلی کے لئے بہتر طریقے سے استعمال کرنے کی ہدایات شامل تھیں۔

مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن سے ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ثناء اللہ اور سوشل میڈیا ممبر محمد یامین مصطفوی نے کیمپ میں شرکت کی۔ جبکہ تحصیل ناظم گوجرہ شاہد فاروق مصطفوی، علما کونسل سید امیر علی شاہ، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ گوجرہ ساجد محمود، سابقہ صدر اویس مصطفوی، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ محمد عمران، سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر شکیل احمد انجم، میڈیا ممبر محمد ارشاد، ناظم مالیات رانا آصف محمود، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ گوجرہ، حافظہ سرفراز اور سفینہ شاہین سمیت دیگر نے شرکت کی۔

کیمپ کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جس کے بعد صدر منہاج القرآن علماء کونسل گوجرہ نے مہمانان گرامی اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اس کیمپ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

ابتداء میں ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ثناء اللہ نے سوشل میڈیا کے تعارف پر مبنی پریزنٹیشن دیتے ہوئے موجودہ دور میں اس کی ضرورت و اہمیت کو بیان کیا، سوشل میڈیا کیا ہے؟ اس کا استعمال کیوں کیا جائے؟ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اسے مصطفوی انقلاب کیلئے کیسے استعمال کیا جائے؟ علاوہ ازیں انہوں نے سوشل سرکل کا تعارف، اہمیت اور سوشل سرکل میں توسیع کے مختلف طریقوں پر بھی سیرحاصل بحث کی۔ انہوں نے کہا کہ اچھا کارکن ہمیشہ اپنے لیڈر کا آئینہ دار ہوتا ہے، لہٰذا سوشل میڈیا پر کام کے دوران ہمارا کردار ویسا ہی ہونا چاہیئے جس کی تعلیم ہمیشہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں دی ہے۔ سوشل میڈیا پر کام کے دوران ہمارے ہر عمل سے یہ ثابت ہونا چاہیئے کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیت یافتہ کارکن ہیں۔ انہوں نے کیمپ کے شرکاء کو سوشل میڈیا پر تحریک کے پیغام کو فروغ دینے کے لئے نہایت مفید ٹپس بھی دیں۔ وطن عزیز پاکستان میں رائج کرپٹ نظام کے خلاف آواز بلند کرنے اور پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے دیا جانے والا ایک کروڑ نمازیوں کے ٹارگٹ کو مکمل کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے بہتر استعمال کے حوالے سے ہدایات بھی دیں۔

ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے Twitter کے عملی استعمال پر مبنی پریزنٹیشن دی اور اس کے بنیادی استعمال کا طریق کار بھی تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے رضاکاران کو سوشل میڈیا پر کام کرنے کے نہایت مفید اور رہنما اصول بھی بتائے تاکہ Twitter کی مدد سے موجودہ کرپٹ انتخابی و سیاسی نظام کے خلاف بیداری شعور کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام لاکھوں کروڑوں لوگوں تک عام کیا جا سکے۔

مرکزی سوشل میڈیا ممبر محمد یامین مصطفوی نے فیس بک کے بہتر استعمال کے حوالے سے پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے شرکاء کو سوشل میڈیا کی خرافات اور اس کے منفی پہلوؤں سے باخبر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر سے بھی باخبر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نمازیوں کے ٹارگٹ کی طرف تیزی سے بڑھنے کیلئے سوشل میڈیا پر غیرسنجیدہ رویہ، غیراخلاقی پوسٹس، متنازعہ موضوعات اور وقت ضائع کرنے والی بحثوں سے بچنا مصطفوی کارکنان کیلئے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہمیت کو پہچانتے ہوئے سوشل میڈیا پر جتنا وقت صرف کریں اسے بہترین مقاصد کے لئے استعمال کریں۔

کیمپ کے آخری سیشن میں ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا کوآرڈنیشن پلان کے حوالے سے آخری پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے تحصیل گوجرہ کی مقامی تنظیمات کو سوشل میڈیا کوآرڈینیٹرز کی تعیناتی کا پلان دیا اور کوآرڈینیٹرز کو ان کی ذمہ داریوں اور سوشل میڈیا ورکرز کی رجسٹریشن کا طریقہ کار سمجھایا۔ جبکہ شکیل احمد انجم کو تحصیل گوجرہ کا سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر بھی مقرر کیا۔

ٹریننگ سیشن کے اختتام پر منتظمین نے سوشل میڈیا کیمپ میں مرکزی ٹیم کی شرکت اور رضاکاران کو دی جانے والی ٹریننگ پر شکریہ ادا کیا۔ کیمپ کا اختتام دعائے خیر سے ہوا اور شرکاء کو ریفریشمنٹ کروائی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top