مذاہب کے درمیان مشترکات پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
تحریک منہاج القرآن کی بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کاوشیں تاریخی
نوعیت کی ہیں: ڈاکٹر کرسچن ٹرال
ڈاکٹر طاہر القادری نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسانیت کو فکری اور علمی راہنمائی
دی ہے: ڈاکٹر تھامس
جرمن کے ممتاز مسیحی سکالرز کا منہاج القرآن انٹر نیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ کا وزٹ
جرمن کے ممتاز مسیحی سکالرز نے عالمی سطح پر مسلم مسیحی ڈائیلاگ کے موضوع پر منہاج القرآن انٹر نیشنل کی سپریم کونسل کے چیرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین القادری سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا بھی موجود تھے۔ جرمن سکالر ڈاکٹر کرسچن ٹرال نے کہا کہ عالمی امن کے قیام اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے میں دونوں مذاہب موثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے باہمی سطح پر دونوں مذاہب کی حقیقی تعلیمات کا مطالعہ کرتے ہوئے روحانی اقدار اور دیگر مشترکات کو اجاگر کرنا ہوگا۔ عالمی سطح پر منہاج القرآن کا کردار قابل ستائش ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کاوشیں تاریخی نوعیت کی ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر تھامس نے کہا کہ دنیا میں مذہبی تحریکوں میں منہاج القرآن نئی نسل کو فکری راہنمائی کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے بچاکر معاشرے میں اعلیٰ انسانی اقدار سے روشناس کرا رہی ہے۔ آج دنیا کو امن کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری ایسے لیڈر ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسانیت کو فکری اور علمی راہنمائی دی ہے۔
مسیحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ مذاہب کے درمیان مشترکات پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مختلف مذاہب کے درمیان حائل خلیج کو ختم کرنے کے لیے کوشش کرنا ہر مذہب کے پیروکاروں کا اہم فریضہ ہے۔ اس حوالے سے انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹر نیشنل دنیا کے 90ممالک میں موثر انداز میں کام کررہی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے تمام مذاہب او ر مسالک کو جمع کردیا ہے اور محبت و امن کے رویوں کو پوری دنیا میں پھیلا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری ایسے انسان ہیں جن سے بہار کی خوشبو آتی ہے۔ وہ دنیا بھر میں محبت اور امن کے عظیم ترین رویوں کو عام کرنے میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔
تبصرہ