پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں، پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ بشپ ٹونی رابنسن
مذہبی رواداری کے فروغ اور باہمی مکالمے کے کلچر کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ سہیل احمد رضا
پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ ڈاکٹر جیمز چنن
رائیٹ ریورنڈ بشپ ٹونی رابنسن چیئرمین پاکستان فوکس گروپ آرچ بشپ آف کنٹر بری چرچ آ ف انگلینڈ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی بین الاقوامی سطح پر قیام امن، مختلف مذاہب کے مابین مکالمے کے فروغ، بین المذاہب رواداری اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خدمات لائق تحسین ہیں۔ انکے لیکچرز اور تحریری مواد میں بیرونی دنیا میں اسلام کے بارے میں پائے جانیوالے منفی تاثر کو ذائل کرنا شروع کر دیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی امن عالم کیلئے کی جانیوالی عملی کوششوں، فلاحی اور تعلیمی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خدمات تاریخی نوعیت کی ہیں۔ ہم پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں مختلف سطحوں پر پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کی حقیقی اور عملی طور پر دنیا کو امن اور محبت کا گہوارہ بنانے اور معاشرے میں طبقاتی تقسیم کے خاتمے کیلئے کوششوں کو سراہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیس سنٹر لاہور میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر مسیحی رہنماء ڈاکٹر جیمز چنن بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے بشپ ٹونی رابنسن کو پاکستان میں مسلم مسیحی تعلقات کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دونوں عالمگیر مذاہب کے مابین معاشرتی و سماجی مشترکات کو اجاگر کرنے کے علاوہ مذہبی رواداری کے فروغ اور باہمی مکالمے کے کلچر کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سہیل احمد رضا نے عالمی قیام امن و محبت کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن کی کاوشوں سے مہمانوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے تہذیبوں کے تصادم کو روکنے اور دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے علمی، فکری، تعلیمی سطح پر عملی طور پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کاوشوں کے بارے میں بھی بتایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جیمز چنن ڈائریکٹر پیس سنٹر کیتھولک چرچ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستانی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے اور مذہبی رواداری کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ چند شر پسند عناصر کی وجہ سے ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے ہیں۔ وہ عناصر کسی مذہب سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ وہ انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔
تبصرہ