لیہ: شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کا قتل عام کرنیوالوں کو طاقت کے ذریعے کچلنا ہو گا: سردار شاکر مزاری کا ریلی سے خطاب

مورخہ: 08 مارچ 2014ء

قوم حکمرانوں سے ایکشن کا مطالبہ کرتی ہے، ری ایکشن کا نہیں
دہشت گردی کے خلاف پاک فوج، سیکیورٹی ادارے اور عوام متحد ہیں
پاکستان عوامی تحریک کی مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی ریلی سے مقررین کا خطاب

پاکستان عوامی تحریک لیہ کے زیراہتمام مہنگائی، کرپشن، دہشت گردی اور قومی اداروں کی لوٹ سیل کے خلاف احتجاجی ریلی 8 مارچ 2014ء کو منعقد ہوئی، جس کی صدارت سردار شاکر حسین مزاری نے کی، جبکہ زونل ناظم ڈیرہ غازیخان چودھری قمر عباس، ضلعی ناظم شیخ طاہر سلیمان، ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک چودھری خضر عباس و دیگر ذمہ داران کے علاوہ ہزاروں خواتین وحضرات نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز ٹی ڈی اے چوک سے ہوا جبکہ اختتام صدر بازار پر ہوا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سردار شاکر مزاری نے کہا کہ دہشت گردی کے جواب میں کارروائیوں کی بات کرنا مضحکہ خیز ہے، قوم حکمرانوں سے ایکشن کا مطالبہ کرتی ہے، ری ایکشن کا نہیں، خرابی کی جڑ یہ ہے کہ موجودہ حکومت دہشت گردی اور فتنے کی اس حقیقت کا تعین ہی نہیں کرسکی، دہشت گردی پر قابو پانے کے بجائے ہم نے خود قرآن و سنت کے احکامات سے رو گردانی شروع کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت وقت کا کردار اللہ اور اسکے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکام کے مطابق ہونا چاہئے، مذاکرات کا ڈھونگ ختم ہو اور طاقت کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑی جائے، تمام کتب احادیث میں ہے کہ جو لوگ ریاست کے خلاف مسلح ہوں، شہریوں کا قتل عام کریں، صرف طاقت کے ذریعے انہیں کچل دینا ہی حل ہے، موجودہ دور میں دہشت گردی فتنہ خوارج کا تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن کی نہ صرف حمایت کرتے ہیں بلکہ اس فتنے کے خاتمے تک ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

زونل ناظم چودھری قمر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے چھ ماہ عوام کیلئے بہت گراں گزرے ہیں۔ بیرونی قرضوں، مہنگائی، دہشت گردی اور بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس قوم کو ان مسائل سے نجات دلانے کیلئے نہ کوئی حکمت عملی ہے نہ صلاحیت ہے۔ جعلی مینڈیٹ، بدترین دھاندلی اور فرسودہ نظام انتخاب کے ذریعے اسمبلیوں میں پہنچنے والے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹ رہے ہیں، ایسے میں نجات کا راستہ فقط انقلاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کی آڑ میں قومی اداروں کی لوٹ سیل کا عمل جاری ہے۔ اداروں کو اونے پونے داموں بیچا جا رہا ہے۔ بیچنے والے اور خریدنے والے ہاتھ ایک ہی ہیں اور دوسری طرف دہشت گردوں کیساتھ مذاکرات کا ڈرامہ رچا کر پوری قوم کو کنفیوژن میں رکھا جا رہا ہے۔ قاتلوں کیساتھ مذاکرات تباہی کا نیا راستہ ہے جس کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد کو مکمل کیا جا رہا ہے۔

ضلعی ناظم شیخ طاہر سلیمان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام جمہوریت نے عوام کو دو وقت کے لقمے سے محروم کر دیا ہے، نوجوان ڈگریاں لے کر بیروزگار پھر رہے ہیں، عوام کو ان کے بنیادی حقوق نہیں مل رہے، ملک میں بدامنی اور انتہا پسندی عروج پر ہے، حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے، تعیشات میں گم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل کا حل پرامن انقلاب میں ہی ہے جس کے ذریعے مروجہ فرسودہ نظام سمندر برد ہو گا۔

پاکستان عوامی تحریک لیہ کے صدر چودھری خضر عباس نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی کال پر بہت جلد نماز انقلاب ادا کی جائے گی جس کے نتیجے میں ملک میں امن وامان قائم ہوگا اور کرپشن کا جڑ سے خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کا نیٹ ورک ملک کے کونے کونے میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور لوگ جوق در جوق اس انقلابی قافلے کا حصہ بن رہے ہیں۔ وہ وقت اب دور نہیں کہ ایک کروڑ انسانوں کا سمندر سڑکوں پر ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top