بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف یوتھ لیگ کا احتجاجی مظاہرہ
لاہور () پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیر اہتمام بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے، مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی اور کرپشن کے خلاف مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد محمود بھٹی نے احتجاجی مظاہرہ میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت مرکزٰ صدر محمد شعیب طاہر نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر محمد شعیب طاہر نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے، مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ حالیہ اضافہ غریب عوام کی توقعات کے بالکل برعکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ماہ غریب عوام پر بجلی بم گرایا جاتا ہے جس سے بالواسطہ اور بلاواسطہ مہنگائی کا اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے۔ جس کی تندو تیز اور ظالم لہروں میں بےبس اور مجبور غریب عوام خس وخاشاک کی طرح بہتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور آئے دن کی مہنگائی نے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک یوتھ کے سیکرٹری جنرل عتیق چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری، رشوت ستانی اور جرائم کی شرح میں اضافہ اور امن وامان کی خوفناک صورتحال نے غریب عوام کا جینا پہلے ہی دوبھر کر رکھا ہے ایسے میں ان کے زخموں پر مرحم رکھنے اور ان کے مصائب اور تکالیف کم کرنے کی بجائے آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ عمل مسلسل جاری ہے جو کہ غریب عوام پر انتہائی ظلم ہے۔ نااہل اور کرپٹ حکمران عوامی مسائل کو حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کے درد اور مسائل کو سمجھنے والا اور ان کے دکھوں کا مداوا کرنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر پارکر کے مجبور عوام کے منہ میں نوالہ ڈالنے کی بجائے حکمران فیسٹیول منانے میں مصروف ہیں۔ قوم کی بیٹیاں انصاف نہ ملنے پر خودسوزیاں کر رہی ہیں، مرحم پٹی رکھنے والی نرسیں اپنے حق کے لئے کئی روز سے سڑکوں پر ہیں لیکن نااہل حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ مظاہرے سے پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے عہدیداران رانا زبیر، محمد سہیل اور ملک عمران نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ