پاکستان اور افواج پاکستان کسی قیمت پر شام کے معاملے میں فریق نہ بنیں، ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 18 مارچ 2014ء

حکومت ملک کی خود مختاری کو ڈالروں کے عوض بیچنے سے باز رہے ورنہ قوم کی طرف سے بہت سخت رد عمل آئے گا
کسی حکمران کو ذاتی احسانات کے بدلے کے طور پر ملک کی سالمیت بیچنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی
افواج پاکستان عالم اسلام کا فخر ہیں، ان کا غیرجانبدارانہ کردار ہمیشہ برقرار رہنا چاہیے
پیسے آتے جاتے رہتے ہیں، بعض ملکوں کی خواہشات کا پاکستان کو شکار نہیں ہونا چاہیے
ڈاکٹر طاہرالقادری کا پاکستان عوامی تحریک کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان اور افواج پاکستان کسی قیمت پر شام کے معاملے میں فریق نہ بنیں۔ حکومت ملک کی خود مختاری کو ڈالروں کے عوض بیچنے سے باز رہے ورنہ قوم کی طرف سے بہت سخت رد عمل آئے گا۔ پیسے آتے جاتے رہتے ہیں، بعض ملکوں کی خواہشات کا پاکستان کو شکار نہیں ہونا چاہیے۔ پاکستان اور افواج پاکستان کی غیرجانبداریت پر کسی قسم کا دھبہ برداشت نہیں کیا جا ئے گا۔ حکومت ایسی سوچ سے بھی باز رہے ورنہ سخت ناقابل تلافی خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ کسی حکمران کو ذاتی احسانات کے بدلے کے طور پر ملک کی سالمیت بیچنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ افواج پاکستان عالم اسلام کا فخر ہیں، ان کا غیرجانبدارانہ کردار ہمیشہ برقرار رہنا چاہیے۔ وہ کینیڈا سے پاکستان عوامی تحریک کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جس کی کوئی مستقل خارجہ پالیسی نہیں ہے، اسے ہمیشہ دوسرے ملکوں کی ڈکٹیشن پر چلایا جاتا رہا ہے۔ المیہ ہے کہ پاکستانی حکومتیں آج کے دن تک خارجہ پالیسی کی سمت بھی متعین نہیں کر سکیں۔ ہر آنے والی حکومت اقتدار میں آنے، رہنے، ذاتی تعلقات اور امداد کی بنیاد پر عارضی خارجہ پالیسی کے خدوخال متعین کرتی رہی ہے اور یہ المیہ 66 سال سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام میں دنیا بھر کے دہشت گرد گروہوں کو منتقل کیا گیا ہے اور عالم اسلام کے ممالک اور دنیا کی بڑی طاقتوں کی رائے اس حوالے سے منقسم ہے۔ اس صورتحال میں پاکستان مصالحانہ اور امن کی بحالی کیلئے کردار ادا نہیں کر سکتا تو کم از کم اپنی غیرجانبدارانہ حیثیت کو تو بحال رکھے۔ اپنے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کی باتیں کرنا اور دوسرے ملکوں میں دہشت گردی کو سپورٹ کرنے کی حکومتی منطق ناقابل فہم ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top