کراچی: حکمران عوام کو بنیادی حقوق دینے میں ناکام، قوم کی نظریں ڈاکٹر طاہرالقادری کی انقلابی کال کی منتظر ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک

مورخہ: 20 مارچ 2014ء

توانائی کا بحران، صنعتیں اور معیشت تباہ، نجکاری کے نام پر قومی اداروں کی لوٹ سیل جاری ہے، ملک بچانا ہو گا۔ ڈاکٹر ایس ایم ضمیر
5% اشرافیہ ملک کے 95% وسائل پر قابض ہے۔ عنقریب قوم کو کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارا دلا ئیں گے۔ قیصر اقبال قادری
قوم، نااہل، ٹیکس چور، قرضہ خور، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے ہاتھوں میں یرغمال ہے۔ راؤ کامران محمود
قوم کا اصل دشمن موجودہ کرپٹ، ظالمانہ اور اجارہ دارانہ سیاسی وانتخابی نظام ہے۔ اظہر ایڈووکیٹ
عوامی انقلاب قریب ہے ہم سیاست نہیں ریاست بچانے نکلے ہیں ریاست ہو گی تو سیاست ہو گی۔ لطافت محمود
پاکستان عوامی تحریک کی ریلی سے، تسبیحہ شفیق، عطاء الرحمان بٹ، فاروق شیخ، وسیم اختر ودیگر کا خطاب

روٹی، کپڑا، مکان، روزگار، علاج، تعلیم، جان ومال کا تحفظ اور سستا فوری انصاف قوم کا حق ہے مگر قوم محروم کیوں؟۔ حکمران عوام کے بنیادی حقوق اور انکے جان، مال، عزت اور انصاف دینے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔ الیکشن سے قبل قوم کو جو جو سبز باغ دکھائے تھے ان میں کوئی ایک جھوٹا وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ قوم کے حالات پہلے سے بھی دن بدن بہتر ی کے بجائے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے بھی اسی فرسودہ کرپٹ قوم دشمن نظام کا حصہ بن چکے ہیں۔ قوم کی نظریں قائد انقلاب ڈاکٹر طاہر القادری کی انقلابی کال کی منتظر ہیں۔ امید کی واحد کرن ڈاکٹر طاہر القادری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے پاکستان عوامی تحریک کراچی کی عوامی احتجاجی ریلی سے آئی آئی چند ریگر روڈ پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی سے PAT کراچی کے صدر قیصر اقبال قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے تعلیم یافتہ، باصلاحیت نوجوان مستقبل سے مایوس ہیں، صنعتیں بند، فیکٹریاں اور سرمایہ بیرون ملک منتقل، معیشت کی تباہی اور نجکاری کے نام پر قومی اداروں کی لوٹ سیل جاری ہے۔ ہم نجکاری کیخلاف احتجاج کرتے رہیں گے اور ان اداروں کو خریدنے والے سن لیں عوامی انقلاب کے بعد ہم تمام معاہدے منسوخ کردیں گے۔ حکمران قومی اداروں کو ایک ہاتھ سے بیچتے ہیں اور دوسرے ہاتھ سے خرید رہے ہیں۔ 5% اشرافیہ ملک کے 95% وسائل پر قابض ہے آخر کیوں؟ قوم کب تک ان کرپٹ حکمرانوں کی غلامی میں سسک سسک کر اپنے بچوں کو قتل کرتی رہے گی؟ قوم ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دے انکے حقوق انکی دہلیز پر ملیں گے۔

PAT کراچی کے جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان قدرتی اور معدنی وسائل سے مالا مال ملک اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت ہے مگر نااہل حکمرانوں کی وجہ سے قوم ترقی کے بجائے دہشت گردی، لوٹ مار، کرپشن، لاقانونیت، عدم تحفظ، ناانصافی، توانائی کے بحران، مہنگائی کے عفریت میں جکڑی، فرقہ واریت، چوری، ڈکیتی، اغواء، بھتہ خوری، بھوک اور افلاس کا شکار ہے۔ قوم اہل لیڈروں سے محروم انگوٹھا چھاپ، کرپٹ، چور، بے ضمیر، نااہل، ٹیکس اور قرضہ خور، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے ہاتھوں میں یرغمال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک عنقریب قوم کو ان غلام، کرپٹ اور نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا دلا کر انکے غصب شدہ حقوق بازیاب کرائے گئی۔

PAT کے رہنما اظہر ایڈووکیٹ نے خطاب میں کہا کہ قوم کا اصل دشمن موجودہ کرپٹ، ظالمانہ اور اجارہ دارانہ سیاسی ا نتخابی نظام ہے۔ جسکی وجہ سے امیر امیر تر اور غریب غربت وافلاس کی چکی میں پس رہا ہے۔ قوم کو اپنا مقدر بدلنے کیلے باہر آنا ہو گا۔ TMQ کراچی کے ناظم لطافت محمود نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پرامن عوامی انقلاب قریب ہے۔ قوم ہمارے ساتھ ہے کیوں کہ ہم سیاست نہیں ریاست بچانے نکلے ہیں ریاست ہو گی تو سیاست ہو گی۔ حکمران اپنی سیاست بچا رہے ہیں انہیں ریاست کی فکر نہیں ہے۔

PAT علماء کونسل کے عطاء الرحمان بٹ نے کہا کہ تھر میں ایک طرف بھوک، افلاس، صحت کی سہولتوں کی کمی سے انسانیت کا قتل ہو رہا ہے تو دوسری طرف ارباب اقتدار عیاشیاں کر رہے ہیں اور نااہلی پر مستعفی ہونے کے بجائے اپنا اقتدار بچا رہے ہیں۔ PAT ویمن لیگ کی رہنما تسبیحہ شفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے قوم سے اپنے حقوق کیلئے احتجاج کا حق بھی چھین لیا ہے۔ لاہور میں نرسوں پر تشدد اور ہلاکت افسوس ناک اور غیر جمہوری اانسانی حقوق کے خلاف عمل ہے۔ ایک طرف ملک دشمن درندوں سے مذاکرات اور دوسری طرف مظلوم نہتے شہریوں پر تشدد کونسی جمہوریت ہے؟۔

PAT یوتھ ونگ کے صدر فاروق شیخ نے کہا کہ ملک بھر کے نوجوان ڈاکٹر طاہر القادری کی انقلابی کال پر لبیک کہنے کو تیار ہیں۔ ہم نوجوانوں کا استحصال ہر گز نہیں ہونے دیں گے۔ PAT سٹوڈنٹس موومنٹ کے صدر وسیم اختر نے کہا کہ ملک میں عرصے سے نصاب پر جمود طاری ہے۔ تعلیمی نظام میں اصلاحات کیلئے انقلابی بنیادوں پر تبدیلی کی ضرورت ہے۔ اسوقت تعلیمی ادارے سیاست گاہوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ تعلیم سے سیاست کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ احتجاجی ریلی سے سید ظفر اقبال، سید اوسط علی، حاجی اقبال میمن، عصمت اللہ نیازی، عتیق احمد چشتی، عطاء الرحمان ہاشمی، راؤ اشتیاق احمد، شفقت شیخ، نوید بیگ ودیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان عوامی تحریک کے جھنڈے، ڈاکٹر طاہر القادری کی تصاویر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کی مذمت، مہنگائی، کرپشن، لوٹ مار، مظالم اور غیر قانونی نجکاری کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی میں تھر میں حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے انسانی جانوں کے ضیاع، لیاری میں جاری قتل وغارت، بھتہ، اغواء، اسٹریٹ کرائم، نرسوں پر تشدد اور انکے قتل، ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خلاف قراردایں بھی پیش کیں گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top