بدقسمتی سے پاکستان اس وقت دنیا کے کرپٹ ترین ممالک کی صف میں کھڑا نظر آتا ہے۔ انصار ملک
ڈاکٹر طاہر القادری نے کرپٹ نظام کو مسترد کر کے حقیقی تبدیلی کی
راہ دکھائی
تبدیلی جرات مند قیادت ہی لا سکتی ہے، باشعور طبقات نظام کی تبدیلی میں اپنا کردار
ادا کریں
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد سٹی کے جنرل سیکرٹری انصار ملک نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان اس وقت دنیا کے کرپٹ ترین ممالک کی صف میں کھڑا نظر آتا ہے۔ اندھیروں کا اتنا راج ہے کہ اس بہار کے موسم میں بھی لوگوں کے پاس نہ بجلی ہے نہ پانی اور نہ روزگار۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی نے قوم کی نیندیں اڑا رکھی ہیں۔ قرضوں کی معیشت دم توڑتی جا رہی ہے اور معیشت کو سہارا دینے کیلئے نئے قرضے لئے جا رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے اس نازک صورتحال میں بھی حقیقی رہنمائی کا فریضہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس کرپٹ نظام کو مسترد کر کے حقیقی تبدیلی کی راہ دکھائی ہے۔ ایسی راہ جس کے دوسرے کنارے پر امید اور سچی تبدیلی کی روشنی کے امکانات نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں تبدیلی صرف جرات مند قیادت ہی لا سکتی ہے۔ باشعور طبقات اور خصوصا کاروباری حضرات نظام کی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کریں۔ یہ عوام دشمن نظام انتخاب 66 سالوں سے مثبت کردار ادا کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔ قوم کو اپنے مسائل کے حل اور معیشت کی بحالی کیلئے انتخابی نظام بدلنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کے ہم وطنوں کی حالت دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بیرونی دنیا سے ملنے والی امداد بھی عوام کی فلاح وبہبود کی بجائے مقتدر طبقوں کی عیاشیوں کی نظر ہو رہی ہے۔ دہشت گردی کے تسلسل کے باعث سرمایہ کاری کا عمل رکا ہوا ہے، انڈسٹری لوڈشیڈنگ کے باعث بند پڑی ہے، بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، معیشت کو جس طرح پاکستان میں چلایا جا رہا ہے۔ یہ روش اپنے فیصلے خود کرنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ کھانے پینے کی چیزوں تک کا فیصلہ IMF کے حوالے ہے جو ہماری حکومت کی بے بسی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ تھرپارکر میں ملکی تاریخ کے بدترین قحط سے جو تباہی آئی ہے وہ ایک بہت بڑے امدادی آپریشن کا تقاضا کرتی ہے۔ متاثرین تھر پارکر کیلئے کی جانیوالی امدادی کارروائیوں کیلئے پاک فوج کے ساتھ ساتھ ساری قوم کو بھی حرکت میں آنا ہو گا تاکہ مظلوم اور مصیبت میں مبتلا ہم وطنوں کو امداد مہیا کی جا سکے اور انکی خوشحالی ممکن ہو سکے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہنگامی طور پر متاثرین تھرپارکر کیلئے ایسی اشیاء فراہم کر رہی ہے۔
تبصرہ