ہوشرباء مہنگائی، لاقانونیت اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کا عزم انقلاب کنونشن 28 مارچ کو ہو گا

مورخہ: 26 مارچ 2014ء

پاکستان عوامی تحریک فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری خصوصی خطاب کریں گے
حکمران نا اہلیوں اور غلط پالیسیوں سے پورے ملک کو تھر پارکر بنانے پر تلے ہوئے ہیں
چودھری ذوالفقار ایڈووکیٹ کی "عزم انقلاب کنونشن" کے حوالے سے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے کوآرڈینیٹر چودھری ذوالفقار ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے 9 ماہ میں بڑھتا ہوا افراط زر اور اسکے نتیجے میں پھیلنے والی مہنگائی میں عام آدمی کیلئے گزر بسر نا ممکن ہوتی جا رہی ہے۔ محنت کشوں کی حقیقی آمدنی میں کمی واقع ہو رہی ہے جبکہ سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور وڈیروں کی شرح منافع میں بے تحاشا اضافہ ہو رہا ہے۔ غریب اور امیر کے درمیان اتنی وسیع خلیج پہلے کبھی موجودنہ تھی اور اب طبقاتی تفریق شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ اس معاشی امتیاز کے خلاف عوام میں پائی جانیوالی نفرت اور غصہ پر حکمرانوں کی بے حسی، بے شرمی اور سرد مہری اذیت ناک ہے۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے تحت 28 مارچ (جمعۃ المبارک) کو ہونے والے ملک گیر "عزم انقلاب کنونشن" کے حوالے سے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر راجہ ندیم، عبد الحفیظ چودھری، افضل گجر، چودھری سلطان محمود، الطاف رندھاوا، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ فرسودہ سیاسی نظام زندہ رہنے کے بنیادی انسانی حقوق کیلئے بھی خطرہ بن چکا ہے۔ ظالم حکمران اپنی نا اہلیوں اور غلط پالیسیوں سے پورے ملک کو تھر پارکر بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔ 28 مارچ کو پاکستان عوامی تحریک کا "عزم انقلاب کنونشن" ظالم حکمرانوں کی نا اہلیوں، ہوشرباء مہنگائی، لاقانونیت اور دہشت گردی کے خلاف ہو گا۔ کنونشن سے پاکستان عوامی تحریک فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری خطاب کریں گے جبکہ ملک بھر سے صوبائی، ضلعی و تحصیلی عہدیداران کے ساتھ ساتھ کارکنان کی بڑی تعدادبھی کنونشن میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری پاکستان عوامی تحریک کے نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی 9ماہ کی کارکردگی نے ظالم کو طاقتور اور مظلوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عقل سے بے بہرہ، ادراک و شعور سے بیگانہ، ویثرن سے عاری صاحبان اختیار ایسے ایسے پلٹے مار رہے ہیں کہ انکی تراکیب انکی ہی تضحیک کا باعث بنتی جا رہی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top