بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں اضافہ خالصتاًغریب کشی اور عوام دشمنی ہے۔ محمد شعیب طاہر

مورخہ: 26 مارچ 2014ء

بجلی کی قیمتوں میں بے جا اضافہ کر کے عوام پر بوجھ ڈالا گیا ہے، فوری طور پر اضافہ واپس لیا جا ئے
پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کئے گئے اضافے کو مسترد کرتی ہے

پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر محمد شعیب طاہر نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نے غریب عوام کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے۔ حالیہ اضافہ غریب عوام کی توقعات کے بالکل برعکس ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں سے لوڈ شیڈنگ کا عذاب تو ختم نہ ہو سکا البتہ ہر پندرہ بیس دن بعد غریب عوام کو بجلی کا جھٹکا ضروردیاجاتا ہے جس سے بالواسطہ اور بلا واسطہ مہنگائی کا اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے۔ جس کی تندو تیز اور ظالم لہروں میں بے بس اور مجبور غریب عوام خس وخاشاک کی طرح بہتے جا رہے ہیں۔ موجودہ پارلیمنٹ مراعات یافتہ طبقے پر مشتمل ہے اس لئے اسے عوام کی مشکلات کا حقیقی معنوں میں ادراک نہیں ہے۔ وہ اپنی عیاشیوں اور غلط حکمت عملی کے باعث ہونے والے خسارے کو عوام کا خون نچوڑ کر پورا کرتے ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر عتیق الرحمان، عصمت علی، حافظ وقار، ملک عمران اور حافظ شاہد بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور آئے دن کی مہنگائی نے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ مہنگائی، بے روز گاری، رشوت ستانی اور جرائم کی شرح میں اضافہ اور امن وامان کی خوفناک صورتحال نے غریب عوام کا جینا پہلے ہی دوبھر کر رکھا ہے ایسے میں ان کے زخموں پر مرحم رکھنے اور ان کے مصائب اور تکالیف کم کرنے کی بجائے آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ عمل مسلسل جاری ہے جوکہ غریب عوام پر انتہائی ظلم ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں بے جا اضافہ کر کے عوام پر بوجھ ڈالا گیا ہے، فوری طور پر اضافہ واپس لیا جا ئے۔ غریب عوام کے درد اور مسائل کو سمجھنے والا اور ان کے دکھوں کا مداوا کرنیوالا کوئی نہیں۔ پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں2 روپے 24 پیسے فی یونٹ کئے گئے اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ اگر اضافہ واپس لے کر بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان نہ کیا گیا تو پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top