آج امت مسلمہ کو اتحاد، یگانگت، بھائی چارے اور باہمی اتفاق و اتحاد کی ضروت ہے۔ سید امتیاز حسین شاہ

ساری مخلوق ایک خدا کی پیدا کردہ ہے ہمیں انسانی رشتوں کے احترام کرنے کی ضرورت ہے
دربار شاہ پور بارہ کہو میں سالانہ عرس کی اختتامی تقریب کے موقع پر زائرین سے خطاب
پاکستان عوامی تحریک کے غلام علی خان کی وفد کے ہمراہ عرس کی تقریبات میں شرکت

آج مسلمان اپنے اسلاف کے بتائے ہوئے راستے سے دوری اختیار کر کے رسوائی اور ذلت کا شکار ہیں۔ ہمیں چاہیئے کہ صوفیا کرام اور اولیاء کرام کے بتائے ہوئے راستے پر عمل پیرا ہو کر آپس میں پیار، محبت، یکجہتی، بھائی چارے اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ یہی وقت کی ضرورت ہے اور اسی میں ہم سب کی بہتری بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین دربار عالیہ شاہ پور بارہ کہو اسلام آباد سید دیدار حسین شاہ (چشتی، صابری، قلندری، قادری) کے جانشین صاحبزادہ سید امتیازحسین شاہ نے گزشتہ روز سالانہ عرس کی اختتامی تقریب کے موقع پر زائرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، مقصود عباسی، ضلعی صدر عوامی تحریک راولپنڈی ملک افضل، ملک طاہر جاوید، علامہ حیدر علوی، مبشر رندھاوا، راجہ پرویزحشمت اور میاں بابر حسین مصطفوی کے علاوہ ملک بھر سے آئے ہوئے زائرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سید امتیاز حسین شاہ نے کہا کہ نفرت، کینہ، بغض اور عناد کے بت کو پاش پاش کر کے آپس میں انسانیت کے عظیم رشتے میں استوار ہونے کی ضرورت ہے۔ سید دیدار حسین شاہ کی یہی تعلیمات اور یہی پیغام ہے کہ آپس میں نفرتوں اور کدورتوں کے بتوں کو پاش پاش کر کے ایک دوسر ے کو برداشت کرنے کی روایت ڈالی جائے۔ آپس میں پیار اور محبت کا رشتہ استوار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خدا ایک ہے، رسول ایک ہے، قرآن ایک ہے ہم ایک امت واحدہ ہیں، لیکن ہم فرقوں میں بٹ کر تقسیم در تقسیم ہو چکے ہیں۔ ساری مخلوق ایک خدا کی پیدا کردہ ہے ہمیں انسانی رشتوں کے احترام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہی فرمان رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اور یہی فرمان اولیاء ہے اور یہی راستہ صوفیا کا بھی ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور آپس میں تفرقہ نہ ڈالو اسی میں ہم سب کی بقا اور سلامتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top