سپین: منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان کی 16 ویں کلاس کے طلبہ کے اعزاز میں الوداعی پارٹی

مورخہ: 28 مارچ 2014ء

منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا (سپین) میں 20 دسمبر 2013 کو شروع ہونے والی سپانش زبان کی کلاس کے طلبہ کے اعزاز میں 28 مارچ 2014ء کو ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کلاس مکمل کرنے والے طلبہ، کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر محمد اکرم بیگ، سیکرٹری جنرل بلال یوسف، فنانس سیکرٹری محمد نواز قادری، ناظم اجتماعات حاجی محمد افضل، منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری، منہاج یوتھ لیگ سپین کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد عمران، راحیل اکرم ایڈووکیٹ، ڈاکٹر عبدالمنان، زین عاربی، ذوالقرنین حیدر، محمد علی، نعمان جاوید اور قاسم علی نے شرکت کی۔

الوداعی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے حافظ محمد عمران نے کیا اور محمد یوسف چوہدری نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی جس کے بعد فارغ التحصیل طلباء نے سہ ماہی کلاس کے متعلق اپنی اپنی آراء کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ دین اسلام اور دیگر دنیوی علوم کے بارے میں بھی مفید معلومات حاصل کرنے کا موقع ملاہے، طلباء نے بتایا کہ انہیں کلاس کے قواعد و ضوابط بہت سخت ہونے کے باوجود کلاس کا ڈسپلن بہت پسند آیا اور یہاں جس آسان انداز میں اور انتہائی مختصر عرصہ میں ابتدائی سپانش زبان لکھنا، پڑھنا اور بولنا سکھائی گئی ایسا کسی اور جگہ ممکن نہ تھا، منہاج القرآن بارسلونا کی اس کلاس میں پڑھنے کی بدولت وہ ہسپانوی زبان کی بنیادی گرامر سیکھ گئے ہیں۔

طلباء نے بتایا کہ اس کلاس میں آنے کے باعث انہیں تحریک منہاج القرآن کے عالمگیر نیٹ ورک اور اس کی دعوتی، تدریسی اور فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات بھی حاصل ہوئیں اور تحریک کے بانی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ذات کے متعلق بہت سی غلط فہمیوں کا ازالہ بھی ہوا۔اس موقع پر کلاس کے متعدد طلبہ نے منہاج یوتھ لیگ سپین میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ طلبہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کلاس میں گزارے گئے وقت کو کبھی بھول نہ پائیں گے۔ ایک طالب علم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ انہیں کلاس کے ختم ہونے کا یقین نہیں آرہا اور اگر کلاس کے قواعد و ضوابط اس بات کی اجازت دیتے تو وہ دوبارہ اس کلاس میں داخل ہونے کے امیدوار ہوتے۔

مرزا محمد اکرم بیگ، محمد اقبال چوہدری، بلال یوسف اور حافظ محمد عمران نے اپنی گفتگو میں پارٹی میں شریک طلباء کو زبان سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے، دیار غیر میں رہتے ہوئے بامقصد زندگی گزارنے، دینی و دنیوی علوم کے حصول کا سلسلہ جاری رکھنے، حسن کردار و اخلاق کے ذریعے دین اسلام کی ترویج کرنے اور وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار اداء کرنے کی تلقین کی، تقریب کے معزز مہمانوں نے اپنی گفتگو کے دوران بارسلونا (سپین) کی پاکستانی کمیونٹی کی فلاح اور رہنمائی کے لیے کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا اور ان کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خصوصی مبارک باد پیش کی۔

کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے اپنی گفتگو میں طلباء کو تلقین کی کہ وہ سپانش زبان کو اپنے روزگار کی تلاش کے لیے بھی استعمال کریں مگر اس کے ساتھ ساتھ دین اسلام کی ترویج کے لیے بھی استعمال کریں اور ہسپانوی زبان سیکھنے کے عمل کو مستقبل قریب میں بھی جاری رکھیں، انہوں نے طلباء کو یہ تاکید بھی کی کہ وہ کلاس کے بعد بھی منہاج القرآن انٹرنیشنل سے اپنی وابستگی قائم رکھیں اور تحریک کے بارے مزید معلومات کے حصول کے لیے منہاج یوتھ لیگ سپین اور منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا سے اپنا تعلق قائم رکھیں۔اس موقع پر نوید احمد اندلسی نے الوداعی پارٹی کے احسن انتظامات کرنے پر منہاج القرآن بارسلونا کی نظامت اجتماعات کے سربراہ حاجی محمد افضل اور ان کی ٹیم کا شکریہ اداء کیا۔

واضح رہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام اکتوبر 2009ء سے سہ ماہی بنیادوں پر ہسپانوی زبان کا ابتدائی کورس جاری ہے جس کی 16 ویں کلاس کامیابی سے تکمیل پذیر ہوئی ہے، اس کلاس میں ہسپانوی زبان کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت اور قوانین اوردینی علوم بھی سکھائے جاتے ہیں اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نائب صدر نوید احمد اندلسی اپنی تدریسی خدمات مفت فراہم کرتے ہیں۔ کلاس میں داخلہ کے لیے طلباء کی کثیر تعداد کے پیش نظر اکثر قرعہ اندازی بھی کی جاتی ہے اور قوائد و ضوابط پر سختی سے عمل کیا اور کروایا جاتاہے۔

رپورٹ: محمد وقاص راجہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top