ڈربی: منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور الخدمت گروپ کا تھر کے متاثرین کے لیے چیریٹی کا اہتمام

ڈربی کے برٹش پاکستانیوں نے گزشتہ روز مرکزی جامع مسجد کے کارک پارک میں چیریٹی کے لیے کار واش کا اہتمام کیا جس کا مقصد تھر میں قحط کے متاثرین کی مدد کرنا تھا۔ ڈربی کے پاکستانی نوجوانوں پر مشتمل الخدمت گروپ اور منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مشترکہ ایونٹ میں علاقہ کی مقامی مسلم کمیونٹی نے بھرپور تعاون کیا۔ الخدمت گروپ کے محمد عابد اور منہاج ویلفیئر کے محمد طاہر کے مطابق اس اہم مقصد کے لیے محمد اقبال کی زیر سرپرستی مقامی ریڈیو پر بھی براہ راست اپیل کی گئی۔ جب کہ کار واش کے لیے آنے والے افراد کے لیے خصوصی طور پر باربی کیو کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پاکستان میں مشکلات کے شکار اہل وطن کی مدد کے جذبے سے سرشار رضاکار نوجوان پورا دن گروپوں کی صورت میں لوگوں کی گاڑیوں کو صاف کرتے رہے۔ ان رضا کاروں کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے انہیں بہت سی نعمتوں سے نواز رکھا ہے لیکن تھر کے ہمارے بہن بھائی قدرتی آفات کی وجہ سے جن مشکلات کا شکار ہیں ہم ان کی مدد کو اپنا دینی واخلاقی فریضہ سمجھتے ہیں۔ ڈربی کے عوام کے بھرپور تعاون سے دس ہزار پونڈ کی خطیر رقم اکھٹی کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top