اٹک: ایم ایس ایم کے زیراہتمام بیداری طلبہ مارچ

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ضلع اٹک کے زیراہتمام بیدارئ طلبہ مارچ، فوارہ چوک تا پریس کلب تک نکالا گیا جس میں کثیر تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ مارچ کی قیادت ایم ایس ایم کے مرکزی نائب صدور رضی طاہر اور انجینئر حنیف مصطفو ی نے کی، جبکہ ضلعی کوآرڈینیٹر ایم ایس ایم مجاہد خان، ضلعی راہنما عوامی تحریک یوتھ ونگ احسان شاہ، ایم ایس ایم اٹک کے جنرل سیکرٹری حسنات احمد، فتح جنگ کے صدر عتیق الرحمن ،ایم ایس ایم حضرو صدر ابرار حسین، ایم ایس ایم کامرہ کے صدر وقاص احمد بھٹی، ایم ایس ایم جنڈ کے صدر ندیم احمد اور دیگر مقامی راہنما شریک تھے۔

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر ایم ایس ایم پاکستان رضی طاہر نے کہا کہ نوجوانوں کو گمراہ کر کے ان کے روشن مستقبل پر ڈاکہ مارا جا رہا ہے، سیاسی رشوت کے نام پر محض خوشنما نعروں سے بہلانے کی رسم عنقریب ختم ہونے والی ہے، طلبہ کی بیداری اور کرپٹ اشرافیہ کی دائمی سیاسی موت کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ پاکستان کے باشعور طلبہ فرسودہ تعلیمی نظام اور غیر منصفانہ طبقاتی تقسیم کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم ایسا روشن پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جس میں امیر و غریب کی کوئی تفریق نہ ہو اور بلاامتیاز تعلیمی سہولیات قوم کے ہر بچے کو دی جائیں۔ ملک میں ایک نصاب تعلیم رائج ہو۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی پرائیویٹ ادارو ں کی طرح بہترین تعلیم ماحول، سٹاف اور نصاب فراہم کیا جائے۔ تعلیم پر توجہ دینے ہی سے پاکستان ترقی کی منازل طے کرسکتا ہے۔

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر حنیف مصطفوی نے کہا کہ ایم ایس ایم کے پلیٹ فارم سے لاکھوں طلبہ 11 مئی کو کرپٹ نظام کیخلاف احتجاج کا حصہ بنیں گے۔ ہر ضلع میں افراد کا سمندر موجودہ نظام کو مسترد کرنے کیلئے سڑکوں پر ہوگا۔ ہم قائد انقلاب کی ہر کال پر لبیک کہتے ہوئے پاکستان سے ظالم اور فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ مارچ کے اختتام پر ضلعی راہنما عوامی تحریک عبدالجبار دانش نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top