11 مئی کو نوجوانوں کی بڑی تعداد پاکستان عوامی تحریک کے تحت احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرے گی: محمد شعیب طاہر

کرپٹ نظام انتخاب سے تشکیل پانے والی حکومت نوجوانوں کو بے روزگار کر کے خود کشیوں پر مجبور کر رہی ہے
آج کا نوجوان جان گیا کہ کرپٹ انتخابی نظام ہی ملک و قوم کا دشمن ہے
محمد شعیب طاہر کی لاہور کے مرکزی عہدیداران کے اجلاس سے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر محمد شعیب طاہر نے کہا ہے کہ 11مئی کو نوجوانوں کی بڑی تعداد پاکستان عوامی تحریک کے تحت احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرے گی۔ کرپٹ نظام انتخاب کے بعد تشکیل پانے والی حکومت نوجوانوں کو بے روزگار کر کے انہیں خود کشیوں پر مجبورکر رہی ہے۔ پاکستانی نوجوان ٹیلنٹڈ ہیں اگر انہیں موقع دیا جائے تو وہ پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو حکومتی سرپرستی میں فیسٹیولز جیسی فضولیات میں دھکیلا جا رہا ہے اگر انہیں نوجوانوں کو معیاری تعلیم، مناسب سہولیات اور صحت افزا ماحول مہیا کیا جائے تو یہ چند سالوں میں پاکستان کو نہ صرف ترقی یافتہ ممالک میں سر فہرست بنا سکتے ہیں بلکہ بیرونی قرضوں سے نجات بھی دلا سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے مرکزی عہدیداران کے اجلاس سے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عتیق چوہدری، وقار قادری، شہزاد احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ محمد شعیب طاہر نے کہا کہ پاکستان میں جب نوجوانوں کو مناسب سہولیات اور مواقع فراہم نہیں کیے جاتے تو وہ مجبوراً بیرونی ممالک کا رخ کرتے ہیں اور اپنے ہنر کا فائد دوسرے ممالک کو دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ اگر حکومت نوجوانوں کو فضولیات اور فراڈ سکیموں میں الجھانے کی بجائے ان کی حقیقی معنوں میں حوصلہ افزائی کرے تو نہ صرف ہمارے ملک سے بیروزگاری اور کرپشن کا خاتمہ ہو بلکہ دہشت گردی کا عذاب بھی ٹل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان شعور و آگہی سے مالا مال ہے اور وہ جانتا ہے کہ کرپٹ انتخابی نظام ہی ملک و قوم کا اصل دشمن ہے اور اسکا فائدہ صرف چند خاندان ہی اٹھا رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک نے عوام کو آئین کے مطابق انکے حقوق سے شناسائی دینے کا جو عمل شروع کیا ہے وہ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں سبز انقلاب پر ہی منتج ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top