11 مئی کا سورج ظلم کے اندھیروں میں روشنی کی کرن بن کر طلوع ہو گا۔ سردار منصور خان

معیشت کو بہتر بنانے کے لیے غریب عوام کا خون نچوڑنا کوئی پلاننگ نہیں بلکہ عوام پر ظلم ہے
پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد پرامن عوامی انقلاب کے لئے ہے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈ پٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ غریبوں، محنت کشوں، مزدوروں، کسانوں کے حقوق کی آواز پارلیمنٹ میں اٹھنی چاہئے تھی جس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ اب غریب، مزدور، کسان، ریڑھی بان اور چھابہ فروش کے حقوق کی بات ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں سڑکوں پر ہوگی۔ پسے ہوئے طبقات اپنے حقوق کی بحالی کے لئے 11 مئی کے دن عوامی تحریک کے شانہ بشانہ سڑکوں پر نکل کر عوام دشمن نظام کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیں۔ 11 مئی کا سورج ظلم کے اندھیروں میں روشنی کی کرن بن کر طلوع ہوگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری غریب عوام کے لئے آ خری امید ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 11 مئی کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریاست علی خان، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، انصار ملک، راجہ منیر اعجاز، ابرار رضا ایڈووکیٹ، عرفان طاہر، فاروق بٹ، شاہد شنواری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک پاکستان کے غریب اور پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ جماعت ہے جو آئین پاکستان میں غریبوں کو دیے گئے حقوق دلانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک 11 مئی کو نام نہاد انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پرخاندانی بادشاہت، دہشت گردی، کرپشن، اداروں سے ٹکراؤ اور انہیں کمزور کرنے کی سازش، نجکاری، بدترین لوڈشیڈنگ، جان لیوا مہنگائی کے خلاف پوررے ملک سمیت راولپنڈی میں بھی پرامن احتجاج کرے گی۔ اس موقع پر قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری انقلاب کے آخری فیز کا اعلان کریں گے۔ موجودہ حالات میں غر یب عوام کو دو وقت کا کھانا پورا کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ بجلی،گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا رکھا ہے۔ آئے دن ہونے والے بلوں اور اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافے غریب کا خون چوس رہے ہیں۔ حالات سے بیزار ہوکر خاندان کے خاندان خود کشیوں پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ان حالات میں تمام مسائل کا واحد حل مصطفوی انقلاب ہے۔ ملک کے موجودہ تمام مسائل کا صرف ایک ہی حل ہے اور وہ موجودہ نظام انتخاب کی تبدیلی ہے اور یہ تبدیلی صرف انقلاب سے ہی آ سکتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد پرامن عوامی انقلاب کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے غریب عوام کا خون نچوڑنا کوئی پلاننگ نہیں بلکہ عوام پر ظلم ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top