حکومت چند خاندانوں کی ہے مگر ملک 18 کروڑ کا ہے، پاکستان مسائلستان بن چکا ہے۔ چوہدری ذوالفقار ایڈووکیٹ

اداروں کے باہم ٹکرائو کے باعث ملک معاشی و سیاسی عدم استحکام کے بھنور میں پھنس چکا ہے
قوم پر امن سبز انقلاب کی تیاری کرے جلد انقلاب کی کال آنے والی ہے

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے کوآرڈینیٹر چوہدری ذو الفقار ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک معاشی و سیاسی عدم استحکام کے بھنور میں پھنس چکا ہے متاثرین ملک اور عوام ہیںاور آئین کو موم کی ناک بنا دیا گیا ہے۔ حکومت چند خاندانوں کی ہے مگر ملک 18کروڑ عوام کا ہے۔ عوام کے مسائل کے حل کے لئے ضروری ہے کہ ادارے ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔ حکومت اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اپنے رویوں کی اصلاح کر لیں ورنہ مکافات عمل کا اژدھا انہیں نگل جائے گا۔ وہ گذشتہ روز اوکاڑہ سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری ذوالفقار نے کہا کہ شخصیات کی بجائے ملک بچانے کی فکر لاحق ہونا چاہیے۔ مہنگائی، لوڈشیڈنگ، غربت، دہشت گردی سمیت درجنوں مسائل حکومت کی توجہ کے متقاضی ہیں مگر حکمرانوں کی ترجیحات کچھ اور ہیں۔ اپوزیشن نے تمام تر مسائل کے ہوتے ہوئے "چپ "سادھ رکھی ہے جو عوام کی نظر میں سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کو دوام عوامی تائید سے ملتا ہے مگر حکومت اور اپوزیشن دونوں اس فلسفہ سے بے نیاز عوام کش پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسائلستان بن چکا ہے۔ عوامی مسائل کے حل کی طرف توجہ نہ دی گئی تو جلدعوام کا بپھرا ہوا سیلاب سب کچھ بہا لے جائے گا۔ پوری قوم پر امن سبز انقلاب کی تیاری کرے جلد انقلاب کی کال آنے والی ہے۔ ایک کروڑ انقلابیوں کا ریلہ نام نہاد سیاستدانوں کو ان کی کرپشن سمیت تنکوں کی طرح بہا لے جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top