دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل اور صحافیوں پر ہونیوالے حملے انتہائی مذموم عمل ہیں: خرم نواز گنڈاپور
پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کیلئے صحافی برادری کی قربانیاں آب زر سے لکھی جانے کے قابل ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کا آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام
اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ صحافی برادری نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے مذموم رویوں کے خلاف ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ صحافی کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں۔ ملک میں دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل اور ماضی میں صحافیوں پر ہونیوالے حملے انتہائی مذموم عمل ہیں۔ بد قسمتی سے ایسے واقعات ساری دنیا میں پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں۔ حکومتیں اور سیکیورٹی ادارے بھی تمام تر دعوئوں کے باوجود دہشت گردی کے ناسور کا علاج کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے پرزور مطالبہ کیا کہ صحافی برادری کو فوری تحفظ فراہم کرنے کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتیں اور سیکیورٹی ادارے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں اور اس حوالے سے قانون سازی بھی کی جائے۔ پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کیلئے صحافی برادری کی قربانیاں آب زر سے لکھی جانے کے قابل ہیں۔ آزادی اظہار اور حرمت قلم کے وارثوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب کی خرابیوں نے جہاں عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کرتے ہوئے ذہنی مریض بنا دیا ہے وہاں صحافی برادری بھی غیر محفوظ اور عدم تحفظ کا شکا رہے۔ حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے اس موجودہ نظام انتخاب کو دریا برد کرنا ہو گا جس کیلئے صحافی برادری کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
تبصرہ