میرپور، سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ برائے رضاکاران

مورخہ: 04 مئی 2014ء

پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام 04 مئی 2014ء بروز اتوار سوشل میڈیا رضاکاران کے لئے ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوانوں اور منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس مومنٹ سسٹرز کی خواتین نے شرکت کی۔

کیمپ کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جس کے بعد پاکستان عوامی تحریک میرپور کے رہنما بشارت علی نے مہمانان گرامی اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور سوشل میڈیا کی اہمیت اور اس کے بڑھتے ہوئے استعمال کے بارے میں گفتگو گی۔

اس ٹریننگ کیمپ میں ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ انٹرنیٹ اب ایک ضرورت بن چکا ہے اور اس کا استعمال بھی دیگر شعبوں کی طرح مثبت اور منفی ہو رہا ہے۔ ہم اس میڈیم کو بطور تبلیغ دین بھی استعمال کر سکتے ہیں جس کیلئے ہمیں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانا پڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اچھا کارکن ہمیشہ اپنے لیڈر کا آئینہ دار ہوتا ہے، لہٰذا سوشل میڈیا پر کام کے دوران ہمارا کردار ویسا ہی ہونا چاہیئے جس کی تعلیم ہمیشہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں دی ہے۔ سوشل میڈیا پر کام کے دوران ہمارے ہر عمل سے یہ ثابت ہونا چاہیئے کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیت یافتہ کارکن ہیں۔ انہوں نے کیمپ کے شرکاء کو سوشل میڈیا پر تحریک کے پیغام کو فروغ دینے کے لئے نہایت مفید ٹپس بھی دیں۔ وطن عزیز پاکستان میں رائج کرپٹ نظام کے خلاف آواز بلند کرنے اور پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے دیا جانے والا ایک کروڑ نمازیوں کے ٹارگٹ کو مکمل کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے بہتر استعمال کے حوالے سے ہدایات بھی دیں۔

مرکزی سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راشد شہزاد نے Twitter کے عملی استعمال پر مبنی پریزنٹیشن دی اور اس کے بنیادی استعمال کا طریق کار بھی تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے رضاکاران کو سوشل میڈیا پر کام کرنے کے نہایت مفید اور رہنما اصول بھی بتائے تاکہ Twitter کی مدد سے موجودہ کرپٹ انتخابی و سیاسی نظام کے خلاف بیداری شعور کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام لاکھوں کروڑوں لوگوں تک عام کیا جا سکے۔

مرکزی سوشل میڈیا ممبر محمد یامین مصطفوی نے فیس بک کے بہتر استعمال کے حوالے سے پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے شرکاء کو سوشل میڈیا کی خرافات اور اس کے منفی پہلوؤں سے باخبر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر سے بھی باخبر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نمازیوں کے ٹارگٹ کی طرف تیزی سے بڑھنے کیلئے سوشل میڈیا پر غیرسنجیدہ رویہ، غیراخلاقی پوسٹس، متنازعہ موضوعات اور وقت ضائع کرنے والی بحثوں سے بچنا مصطفوی کارکنان کیلئے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہمیت کو پہچانتے ہوئے سوشل میڈیا پر جتنا وقت صرف کریں اسے بہترین مقاصد کے لئے استعمال کریں۔

کیمپ کے آخری سیشن میں ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا کوآرڈنیشن پلان کے حوالے سے آخری پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے میرپور کی مقامی تنظیمات کو سوشل میڈیا کوآرڈینیٹرز کی تعیناتی کا پلان دیا اور کوآرڈینیٹرز کو ان کی ذمہ داریوں اور سوشل میڈیا ورکرز کی رجسٹریشن کا طریقہ کار سمجھایا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top