ڈاکٹرطاہر القادری کی آمد کا اعلان سن کر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ حافظ غلام فرید

مورخہ: 03 جون 2014ء

حکومتی وزیر طاہر القادری کے خلاف غیر اخلاقی، غیر جمہوری بیان بازی کر کے انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتے
عوام کو روزگار،گھر، تعلیم، صحت، امن، تحفظ اور انصاف سے محروم کرنے والوں کا انجام اب قریب ہے
حافظ غلام فرید رہنما پاکستان عوامی تحریک لاہور کا گلبرگ ٹاؤن میں کارکنوں سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک بہت جلد ملک سے جعلی جمہوریت اور غریب دشمن نظام کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر کے ملک میں حقیقی جمہوریت کا سویرا طلوع کرے گی۔ ملکی وسائل اور اختیارات اب چند خاندانوں کے قبضہ سے نکل کر عوام تک پہنچیں گے۔ جو لوگ کہتے ہیں کہ ملک سے جمہوریت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ کبھی وہ مڈ ٹرم الیکشن کی بات کرتے ہیں۔ یہ وہی لٹیرے اور دھوکے باز ہیں جو اس ملک کو لوٹ کر کھا گئے ہیں اور آئندہ بھی لوٹ مار کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اب عوام کے حقوق پر جمہوریت کے نام پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دے گی۔ یہ بات حافظ غلام فرید راہنما پاکستان عوامی تحریک لاہورنے نشتر ٹاؤن کے عہدیداران اور کارکنان سےخطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر حفیظ اللہ جاوید، کیپٹن غلام حسن، سرور قادری، سید لیاقت شاہ، پروفیسر ذوالفقار علی، ابرار شاہ، محمد شبیر، عباس خان، امتیاز واسطی اور عبد الغفور بھی موجود تھے۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ قوم کا مقدر بدلنے کے لیے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کا 10 نکاتی ایجنڈا کافی ہے۔ انقلاب آنے کے فوری بعد اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا اور پہلے ہی سال عوام کا مقدر بدلتا نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب اس دھرتی کا ہر طبقہ طاہر القادری کے ساتھ اپنا حق لینے کے لیے کھڑا ہوگا۔ آئین پاکستان پر عمل ہو گا اور اس آئین کو پس پشت ڈالنے والوں اور عوام کو روزگار،گھر، تعلیم، صحت، امن، تحفظ اور انصاف سے محروم کرنے والوں کا انجام اب قریب ہے۔ طاہر القادری کے انقلاب آنے کے بعد ہر غریب کو گھر اور روز گار ملے گا۔ غریب کو مفت تعلیم اور علاج ملے گا۔ عوام کو انصاف اور تحفظ ملے گا۔ لوئر مڈل کلاس سے کسی بھی قسم کا کوئی ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔ جبکہ بنیادی اشیائے خورد و نوش انہیں آدھی قیمت پر ملیں گی۔ کرپشن اور دہشت گردی کا خاتمہ کردیا جائے گا جب کہ سرکاری اداروں میں سادہ طرز زندگی اپنایا جائے گا۔ قوم کی لوٹی ہوئی دولت باہر کے بینکوں سے واپس لائی جائے گی۔ رانا ثنا اللہ، عابد شیر علی اور خواجہ سعد رفیق کی طرف سے ڈاکٹر القادری کے خلاف بیان بازی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرطاہر القادری کی آمد کا اعلان سن کر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ حکومتی وزیر طاہرالقادری کے خلاف غیر اخلاقی، غیر جمہوری بیان بازی کر کے انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top