سرمایہ داروں اور بھتہ خوروں کو تحفظ فراہم کرنیوالے نظام کو سمندر برد کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا برمنگھم میں کارکنان سے خطاب

مورخہ: 04 جون 2014ء

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شور مچانے والے جتنا چاہیں شور مچا لیں پاکستان میں نظام کی تبدیلی کو روکنا نا ممکن ہے۔ چور اور ڈاکو اپنے دھن، دھونس اور دھاندلی کو بچانے کے لیے یک جان اور یک زبان ہو رہے ہیں، لیکن پاکستان کی غیور عوام اب نہ ان کی جان بخشے گی اور نہ زبان چلنی دے گی۔ اب صرف سبز انقلاب کا دور آئے گا جس میں غریب کے گھر میں روٹی، روزی اور چھت کو تحفظ ملے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری گزشتہ روز برمنگھم میں برطانیہ بھر سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے ہزاروں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری عوام سے بھرے کھچا کھچ ہال میں جیسے ہی داخل ہوئے تو زبردست نعروں اور پر جوش تالیوں سے ان کا استقبال کیا گیا۔ ہال اس وقت زبردست سیاسی جلسہ عام کا منظر پیش کر رہا تھا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے آئندہ انقلابی پروگرام کے بارے میں اپنے کارکنوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اب جیت یا موت میں سے ایک کا وقت ہے۔ ملکی موجودہ نظام صرف سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور بھتہ خوروں کو تحفظ فراہم کرتا ہے جسے سمندر برد کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارب اور کھرب پتی اشرافیہ کے آلہ کار حرکت میں آ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے تجزیوں میں جتنے زیرو لگانے ہیں لگا لیں ان تمام کے ساتھ 1 آپ کا ڈاکٹر طاہرالقادری ہی لگائے گا۔ اس موقع پر ہزاروں کارکنوں نے اپنے قائد کی کال پر لبیک کہتے ہوئے انقلاب کے آخری مرحلے میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر قادری نے کہا کہ ان کے انقلاب کے ذریعے جمہوریت کے نام پر خاندانی آمریت کا خاتمہ ہو گا۔ عوام کو عدل و انصاف، روزگار اور بنیادی سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو 35 صوبوں میں تقسیم کر کے حق حکمرانی بنیادی سطح تک پہنچایا جائے گا جب کہ دنیا بھر میں کاروباری ایمپائر بنانے والے، عوام کا خون چوسنے والے اور مسلمانوں میں تفرقہ بازی کو ہوا دینے والے سیاسی دہشت گردوں کا بستر ہمیشہ کے لیے گول کر دیا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top