انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کی PCID کی گولڈن جوبلی پر مبارکباد
مسیحیوں کے پیشوا، پاپائے روم کی دیگر مذاہب کے ساتھ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کونسل برائے بین المذاہب مکالمہ (Pontifical Council for Inter-religious Dialogue Vatican City) کی بنیاد پچاس سال قبل 19 مئی 1964 میں رکھی گئی۔ اس سلسلہ میں پاکستان میں سب سے بڑی تقریب کیتھولک چرچ پیس سنٹر لاہور انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل، یو آر آئی انٹرنیشنل، انٹرفیتھ کونسل فار پیس اینڈ ہارمنی پاکستان کے باہمی اشتراک سے مورخہ 21 مئی 2014ء کو منعقد ہوئی، جس کی صدارت آرچ بشپ آف لاہور بشپ سبسٹین فرانسس شا نے کی جبکہ تقریب کے میزبان ڈاکٹر فادر جیمز چنن اور فادر فرانسس ندیم تھے۔ اس تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز انٹرنیشنل کے سہیل احمد رضا نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے پاپائے روم پوپ فرانسس اور کونسل برائے بین المذاہب مکالمہ کے صدر کارڈینل جین لوئیس توران، سیکرٹری جنرل میگیل اینجل اویوسو اور پاکستان میں ویٹی کن سٹی کے سفیر آرچ بشپ ڈاکٹر ایڈگر پینا پارہ کو گولڈن جوبلی کی مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں عالمی سطح پر مذاہب عالم کے مابین مکالمہ کے فروغ اور ثقافتی تصادم کو روکنے، رواداری اور قیام امن و محبت کے لیے جدو جہد کررہی ہے ۔ ہم پاپائے روم کی مذاہب کے مابین مکالمہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ہم عالمی سطح پر ویٹیکن کونسل برائے بین المذاہب مکالمہ کے ساتھ باہمی اشتراک سے مذاہب عالم کے مابین رواداری، برداشت اور احترام مذاہب کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے اور باہمی اشتراک عمل کے لیے کاوشیں کر رہے ہیں۔ دنیا میں سب سے بڑے مذاہب مسیحی اور مسلم جو کہ دنیا کی آبادی کا 56 فیصد ہے جو باہمی تعاون سے بھائی چارے اور قیام امن میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
تقریب سے آرچ بشپ آف لاہور بشپ سبسٹین فرانسس شا، ڈاکٹر فادر جیمز چنن اور فادر فرانسس ندیم، ڈاکٹر مرقس فدا، علامہ ذبیر عابد، یوئیل بھٹی اور ثبینہ رفعت نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں PCID کی گولڈن جوبلی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا اور عالمی امن کے لیے تمام مذاہب نے مشترکہ طور پر دعا کی۔
تبصرہ