23 جون کو آ رہا ہوں جس میں جرآت ہے مجھے گرفتار یا ڈی پورٹ کر کے دیکھ لے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 15 جون 2014ء

حکمرانوں کی بزنس سلطنت دنیا بھر میں منی لانڈرنگ کے ذریعے پھیلی ہوئی ہے
ہمارا کردار شفاف آئینہ ہے، کرپٹ حکمران الٹے بھی لٹک جائیں تو انہیں کرپشن کا ذرہ بھی نہ مل سکے گا
گذشتہ 30 سال سے ٹیکس ریٹرن کا ناغہ نہیں کیا ہمیشہ واجب الادا ٹیکس سے زیادہ ادا کرتا ہوں
ڈاکٹر طاہرالقادری کاپاکستان عوامی تحریک پنجاب کی ایگزیکٹو سے ٹیلی فونک خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 23 جون کو آ رہا ہوں جس میں جرات ہے مجھے گرفتار یا ڈی پورٹ کر کے دیکھ لے۔ میرے پاکستان آنے کے اعلان سے حکومت بوکھلا گئی ہے۔ قانون کی بالادستی، حقیقی جمہوریت کے قیام اور معطل آئین کی بحالی کیلئے پاکستان آ رہا ہوں۔ کرپشن اور لوٹ مار کا خاتمہ اب عوامی طاقت سے کیا جائے گا۔ جن کی زندگی کا ایک ایک لمحہ منی لانڈرنگ اور کرپشن میں گزرا ہے وہ مجھ پر یہ الزام لگانے سے پہلے شرم سے ڈوب مریں۔ حکمرانوں کی بزنس سلطنت، امریکہ، یوکے، سوئیٹزر لینڈ، وسطی ایشیاء، مڈل ایسٹ سمیت دنیا بھر میں منی لانڈرنگ کے ذریعے پھیلی ہوئی ہے۔ وہ ایسے شخص پر منی لانڈرنگ کا الزام لگا رہے ہیں جس نے زندگی بھر اپنی 500 مطبوعہ کتب اور 7000 خطابات کی سی ڈیز اور کیسٹس سے کبھی ایک روپیہ نہیں لیا۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی ایگزیکٹو سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہمارا کردار شفاف آئینہ ہے، کرپٹ حکمران الٹے بھی لٹک جائیں تو انہیں کرپشن کا ذرہ بھی نہ مل سکے گا۔ اللہ نے ہمیں اپنا دامن شفاف رکھنے کی توفیق گذشتہ 33 برس سے دے رکھی ہے۔ 1990 میں بھی اپنے دو ادوار میں حکمرانوں نے ہم پر 30 مختلف کیس بنائے تھے جن سب میں حکومت کو شکست ہوئی تھی اور اللہ نے ہمیں سرخرو کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 30 سال سے ٹیکس ریٹرن کا ناغہ نہیں کیا اور واجب الادا ٹیکس ہمیشہ زیادہ ادا کرتا ہوں۔ جھوٹی تہمتوں سے میرا اور میری تحریک کا کچھ نہیں بگاڑا جا سکتا۔ اب انقلاب کا ریلا ان اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں روکا جا سکتا۔ ایک سو روپیہ بھی ویلفیئر کا سیاست کیلئے استعمال کرنا ثابت ہو جائے تو میرا چیلنج ہے کہ منہاج القرآن کی تمام پراپرٹی حکمرانوں کے نام لگوا دونگا اور اگر ثابت نہ کر سکیں تو اپنی رائے ونڈ کی 4000 ایکڑ کی پراپرٹی بے گھر عوام کے حوالے کر دیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کارکن ڈور ٹو ڈور مہم کو محنت اور جانفشانی سے جاری رکھیں انقلاب کا سویرا انشاء اللہ رواں برس ہی طلوع ہو گا۔ سبز انقلاب دھرتی کا مقدر ہو گا اس کیلئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top