راولپنڈی: ٹی ایم اے راول ٹاؤن کی روائتی غفلت کے باعث اہلِ علاقہ سخت پریشانی کا شکار، جرائم میں اضافہ

مورخہ: 19 جون 2014ء

راولپنڈی شہرکے گنجان آباد قدیمی علاقوں میں ٹی ایم اے راول ٹاؤن کی روائتی غفلت کے باعث تاریکی کا راج، لنڈا بازار، تیلی محلہ، چٹیاں ہٹیاں، محلہ شاہ چن چراغ،محلہ قطب الدین، بھابڑابازار، عبداللہ سٹریٹ، وارث خان سید پوری گیٹ، نیو صرافہ بازار اور دیگر علاقوں میں سٹریٹس لائٹس خراب پڑی ہیں بیشتر لائٹوں کے بلب فیوز ہیں۔ بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے سے امید واروں نے واپسی کا راستہ اختیار کرتے ہوئے پر اسرار طور پر خاموشی اختیار کر لی اور عوام سے منہ موڑ لیا ہے تاریکی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جگہ جگہ منشیات فروشوں کے ڈیرے ہیں۔ موبائل منشیات فروش پوری طرح سرگرم ہیں راہ چلتی خواتین پر اوباش نوجوانوں نے عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے ۔ نمازیوں کو نماز کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ اتنے بڑے اہم عوامی مسئلے پر نہ صرف ٹی ایم اے راول ٹاؤن بلکہ شہر کے منتخب عوامی نمائندے بھی روائتی بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ شہریوں سیاسی و سماجی حلقوں نے ڈی سی او راولپنڈی ، ٹی ایم او ، اور ٹی او آر، راول ٹاؤن اور دیگر اعلیٰ حکام سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر ان علاقوں کا سروے کیا جائے اور سٹریٹ لائٹس کی درستگی کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے اور فیوز بلب تبدیل کرکے نئے بلب لگائے جائیں۔ اگر ایسا نہ ہوا تو ان علاقوں کے سینکڑوں مکین ٹی ایم اے راول ٹاؤن کا گھیراؤ کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top