پنجاب پولیس نے پرامن کارکنوں پر تاریخ کی بدترین ریاستی دہشت گردی کی انمٹ داستان رقم کی: عمر ریاض عباسی

مورخہ: 26 جون 2014ء

گرفتار کارکنوں پر بنائے گئے جھوٹے اور من گھڑت کیس ختم کر کے فوری رہا کیا جائے۔
یہ پولیس نوازگلو بدمعاش کا دہشت گرد گروپ ہے

اسلام آباد( )26جون 2014ء
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے پرامن کارکنوں پر تاریخ کی بدترین ریاستی دہشت گردی کی انمٹ داستان رقم کی ہے۔ تحجد، نماز اور درود شریف پڑھنے والوں پر آنسو گیس پھینکی گئی، یہ پولیس عوام کی محافظ نہیں بلکہ یہ پولیس نواز گلو بدمعاش کا دہشت گرد گروپ ہے۔ بے گناہ کارکنوں پردہشت گردی، چوری اور ڈکیتی کے بلا جواز مقدمات بنائے گئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنان کو ہر حال میں پرامن رہنے کی ہدایت کی ہوئی ہے، اس لئے عوامی تحریک کے کارکن پرامن رہے ورنہ رائے ونڈ کے محلات سمیت اقتدارکے ایوانوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دی جاتی۔ ہمارے کارکنان نے کسی سرکاری املاک کو نقصان نہیں پہنچایا، کسی کی گاڑی نہیں توڑی اور کسی کی دکان کو نقصان نہیں پہنچایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام کارکنان پر قائم مقدمات ختم کر کے فوری رہا کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے پاکستان کی تاریخ کی بدترین دہشت گردی کی گئی ہے شہید اور زخمی ہونیوالوں کے خون کے ایک ایک قطرے قصاص لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے جہاز کو اسلام آباد کی بجائے لاہور کیوں اتاراگیا، چونکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے طیارے کو زبردستی لاہور لا کر ہائی جیک کرنے کا جرم کیا گیا ہے جس پر عوامی تحریک حکومت پر مقدمہ کرے گی۔ عوامی تحریک کی قیادت اور کارکنوں کے صبروتحمل کی انتہا یہ ہے کہ اگر چاہتے تو اسلام آباد اور لاہور ایئر پورٹ پر قبضہ کرسکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پنجاب پولیس نے نماز فجر کے دوران پرامن کارکنوں پر وحشیانہ تشدد کیا، سینکڑوں دہشت گردوں کو سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں کو پولیس گاڑیوں میں اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہنگامہ آرائی، کارکنوں اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کیلئے پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کورال چوک میں نماز فجر کے وقت مردوخواتین پر بد ترین فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔ دوسری جانب ہمارے ہی زخمی کارکنوں پر جھوٹے مقدمے بنا کر حوالات میں وحشیانہ تشدد کیا جارہا ہے اور 50 سے زائد بے گناہ کارکنان پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات بنا کر جیل بھیج کر ظلم و ناانصافی کی انتہا کردی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے ہزاروں مردوخواتین کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور مزید تحصیل اور ضلع کی قیادت کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حکومتی وزیروں کے بیان پر انہوں نے کہا کہ یہ وقت بتائے گا کہ کون سچا ہے کون جھوٹا، یہ جھوٹ کے پیروکار ہیں اور اسی بات کی یہ تنخواہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے واشگاف الفاظ میں بتا دیا ہے کہ انقلاب بہت دور نہیں ہے، بہت جلد دھرتی پر انقلاب آئے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top