آپریشن ضرب عضب (ضرب حق) میں ملک کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ چودھری افضل گجر
دہشت گردوں کیلئے پاک دھرتی میں کوئی جگہ نہیں۔ سلطان محمودچودھری
پاکستان عوامی تحریک کا ہر رکن افواج پاکستان کو مکمل سپورٹ کرتا ہے۔ حافظ غلام فرید
پاکستان عوامی تحریک لاہور کی فوج کے آپریشن ضرب عضب (ضرب حق) موٹر سائیکل ریلی سے مقررین کے خطابات
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر ریلیاں نکالی گئیں۔ ملک بھر کے بڑے شہروں میں پاکستان عوامی تحریک کی ریلیوں میں ہر جگہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ لاہور میں ایوان اقبال تا پریس کلب موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی میں شریک مظاہرین نے پاک افواج کے دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے حق میں اور دہشت گردوں کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے کتبے، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر، سلطان محمود چودھری، ارشاد طاہر اور حافظ غلام فرید نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چودھری افضل گجر نے کہا کہ آ پریشن ضرب عضب ضرب حق میں ملک کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہر پاکستانی کا قومی فریضہ ہے۔ افواج پاکستان ملکی امن کی بحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے میں حکومت ناکام ہوئی۔ پاکستان عوامی تحریک کا ہر کارکن افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ پریس کلب کے باہر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک لاہور چودھری سلطان محمود چودھری نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری امن کے سفیر ہیں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے میں بھی پہل کی۔ ہر پاکستانی آپریشن کی حمایت میں افواج پاکستان کے ساتھ ہے اب دہشت گردوں کیلئے پاک دھرتی میں کوئی جگہ نہیں۔ ارشاد طاہر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا ہر رکن افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور قوم کا بچہ بچہ اپنی بہادر اور غیور افواج پر فخر کر رہا ہے۔ آج حالات تقاضا کرتے ہیں کہ افواج پاکستان کو مکمل سپورٹ کیا جائے۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ افواج پاکستان قوم کا فخر ہیں اور آج دہشت گردی کے خلاف آپریشن پوری قوم کے دل کی آواز ہے۔ اس موقع پر الطاف رندھاوا نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ