ملکی حالات اس قدر ابتر ہو چکے ہیں کہ انقلاب کا راستہ ہموار ہو رہا ہے۔ حامد سعید کاظمی
ڈاکٹر طاہر القادری سے غیر رسمی محبت و خلوص کا رشتہ ہے
نظام مصطفی پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ جب حالات ٹھیک ہوں تو انقلاب کی ضرورت نہیں ہوتی، لیکن ملکی حالات اس قدر ابتر ہو چکے ہیں کہ انقلاب کا راستہ ہموار ہو رہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے غیر رسمی محبت و خلوص کا رشتہ ہے۔ میرے والد احمد سعید کاظمی بھی ڈاکٹر طاہر القادری سے محبت کرتے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات پرانے تعلق کی بنیاد پر تھی۔ آج کی ملاقات کافی عرصے سے طے تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ملاقات میں بہت سے ابہام دور ہوئے ہیں اور آئندہ کے حوالے سے مشترکات پر بھی بات ہوئی ہے۔ مزید ملاقاتیں ہونگی تو یہ بھی طے ہو جائیگا کہ کس حد تک مل کر چلا جا سکتا ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ ملاقاتوں میں رفتہ رفتہ بہتر نتائج پر پہنچیں گے۔
تبصرہ