ضعف اور بیماری نے ڈاکٹر عبدالقدیر کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں کو محدود کر دیا۔ رحیق عباسی

سیاست میں ناکامی کے شدید احساس نے محسن پاکستان کی فکر کو بھی بدل ڈالا ہے
ڈاکٹر عبدالقدیر کے بیان سے یوں لگتا ہے کہ مسلم لیگ ن کے میڈیا سیل سے جاری ہوا ہے
توقع کرتے ہیں وہ آئندہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے اجتناب کر کے اپنے تشخص کو مجروح ہونے سے بچائیں گے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی طرف سے 17 جون سانحہ ماڈل ٹاؤن کی مذمت اور اظہار افسوس کی بجائے تنقیدی بیان انتہائی حیرت اور تعجب انگیز ہے۔ موجودہ فرسودہ عوام دشمن نظام انتخاب اور اس نظام کے تحت ہونے والی سیاست میں ناکامی کے شدید احساس نے محسن پاکستان کی فکر کو بھی بدل ڈالا ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری ایسی فکر، سوچ اور نظریے کا دوسرا نام ہے جس نے 30 سال اپنے کارکنان کی ایسی تربیت کی کہ انہیں ہر طرح کے تصادم سے بچا کے رکھا۔ ڈاکٹر طاہر القادری اپنے کارکنوں کو حقیقی اولاد جیسا پیار کرتے ہیں۔ کروڑوں لوگ پرامن انقلاب کیلئے جاری جدوجہد میں شامل ہونا اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔ ڈاکٹر عبد القدیر کی ملک و قوم کیلئے تاریخی خدمات کے باعث ہم انکا انتہائی احترام کرتے ہیں۔ 17 جون کو پاکستان عوامی تحریک کے نہتے کارکنان پر حکمران دہشت گردوں نے ریاستی جبر کی وہ مثال قائم کی جس کی نظیر تاریخ عالم میں نہیں ملتی۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ضعف اور بیماری نے ڈاکٹر عبد القدیر کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں کو محدود کر دیا ہے۔ ہم محسن پاکستان سے توقع کرتے ہیں کہ وہ آئندہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے اجتناب کر کے اپنے تشخص اور کردار کو مجروح ہونے سے بچائیں گے۔ ڈاکٹر عبد القدیر کو جاننا چاہیے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نام نہاد انتخابات کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کرنے والے ڈاکوؤں سے ملک و قوم کی جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر کے بیان سے یوں لگتا ہے کہ مسلم لیگ ن کے میڈیا سیل سے جاری ہوا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top