گڑھ موڑ، ڈاکٹر زبیر اے خان کی انجمن طلبہ اسلام کے عہدیداران سے ملاقات

مورخہ 22 جولائی 2014ء بروز منگل پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر زبیر اے خان اور پاکستان عوامی تحریک ملتان ڈویژن کے کوآرڈینیٹر راؤ وقار احمد نے گڑھ موڑ میں نظام مصطفیٰ پارٹی صدر افضل بھٹی، انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی رہنما مہر منیر مصطفائی، انور رندھاوا، چوہدری محمد آصف اور پریس کلب کے صدر رانا نعیم سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر زبیر اے خان نے گفتگو کے دوران پاکستان کے معروضی حالات کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے تصورات کی جھلک پیش کرنے سے قاصر ہے۔ حکمران آئین پاکستان کے باغی ہیں۔ انہوں نے عوام کے حقوق سے متعلق آئین پاکستان کے تمام آرٹیکلز کو عملاً معطل کر رکھا ہے۔ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے حکمرانون کو اس کیلئے منتخب کرتے ہیں کہ وہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی سمیت جان و مال کا تحفظ اور عزت و آبرو کی حفاظت فراہم کریں، مگر موجودہ حکمران تمام تر ضروریات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام خرابی کی جڑ موجودہ سیاسی و انتخابی نظام ہے جس کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ عصر حاضر میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انقلاب کا علم بلند کر کے عوام کو ان کے حقوق دلانے کی بات کی ہے، آئین کے معطل آرٹیکلز کی بحالی کی صدا بلند کی ہے۔ لہٰذا ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم بھی اپنے حقوق کی بحالی کی خاطر قافلہ انقلاب کا حصہ بن کر ان کا ساتھ دیں اور پاکستان کی نسلوں کو کرپٹ نظام اور کرپٹ حکمرانوں سے ہمیشہ کیلئے نجات دلائیں تاکہ عوام کو سکھ کا سانس نصیب ہو۔

راؤ وقار احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سہولیات تو دور کی بات بنیادی ضروریات زندگی ہی میسر نہیں۔ نام نہاد جمہوریت کے علمبرداروں نے ملک میں خاندانی بادشاہت قائم کر رکھی ہے اور عوام الناس کو مکھن سے بال کی طرح نکال باہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران کبھی بھی غریب عوام کی خوشحالی اور ترقی کا نہیں سوچیں گے، ہمیں اپنے حقوق کی جنگ خود ہی لڑنی ہے۔ لہٰذا ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلاب کی کال پر گھروں سے باہر نکلنا ہوگا اور اپنا حق کرپٹ اور ظالم حکمرانوں سے چھیننا ہوگا۔

اس موقع پر نظام مصطفیٰ پارٹی گڑھا موڑ کے صدر افضل بھٹی نے کہا کہ ہم اپنے تمام کارکنان کے ساتھ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دس نکاتی انقلابی ایجنڈے کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور تمام کارکنان کے ہمراہ انقلاب کی کال پر ضرور نکلیں گے۔

پریس کلب کے صدر اور سابق ناظم انجمن طلبہ اسلام رانا نعیم نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے اور تمام تر وزارتوں پر اپنے خاندان اور ملازموں کو قابض کروا رکھا ہے۔ ہم ظالمانہ نظام سے نجات کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں اور انقلاب کی کال پر ان کے شانہ بشانہ چلنے کو تیار ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top