جمہوری انقلاب کے لئے ایک کروڑ انقلابی تیار اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی فائنل کال کا انتظار

جب قافلہ انقلاب نکلے گا تو ظالم حکمران تنکوں کی طرح بہہ جائیں گے
بشارت جسپال اور فیاض وڑائچ کا انقلاب کی تیاریوں کے حوالہ سے اجلاس میں خیالات کا اظہار

جمہوری انقلاب کے لئے ایک کروڑ انقلابی تیار اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی فائنل کال کا انتظار۔ جب قافلہ انقلاب نکلے گا تو ظالم حکمران تنکوں کی طرح بہہ جائیں گے۔ ظالم حکمران عوام کا خون چوس کر بیرون ممالک اپنی اولادوں کے لئے بزنس ایمپائرز قائم کر رہے ہیں۔ موجودہ نظام میں آئین پاکستان، قانون اور جمہوریت کا وجود سرے سے ہے نہیں۔ بلکہ سر سے پاؤں تک ملک بھرکے ہر ادارے میں ہر جگہ پر بدترین آمریت، لاقانونیت اور لوٹ کھسوٹ کا راج ہے۔ آئین پاکستان کو اس کی حقیقی روح کے مطابق بحال کر کے بے بس، مجبور اور پسی ہوئی عوام کے حقوق کی بحالی سے خوشحالی اور پاکستان میں ترقی لائیں گے۔ گزشتہ روز صوبائی دفتر لاہور میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال اور سیکرٹری جنرل فیاض وڑائچ نے انقلاب کی تیاریوں کے حوالہ سے منعقدہ ایک اجلاس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ جس میں ڈویژنل کوآرڈینیٹرز کے علاوہ صوبائی عہدیداران ملک مشتاق احمد نوناری ایڈووکیٹ، میاں عبد القادر، زاہد الیاس میر، بلال مصطفوی اور حنیف سندھیلا نے شرکت کی۔

بشارت جسپال نے کہا کہ لانگ مارچ تین ہفتوں کی تیاری کے بعد کیاگیا جس کا مقصد انتخابی اصلاحات تھا۔ جبکہ انقلاب مارچ موجودہ کرپٹ اور ظالمانہ نظام کو جڑوں سمیت اکھاڑنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ انقلاب کے بعد مختلف شعبہ جات میں اصلاحات لا کر 20 کروڑ عوام کے مایوس چہروں پر مسکراہٹیں اور ویران آنکھوں میں چمک لائی جائی گی۔ اس کے لئے ملک بھر کی تنظیمات نے ایک سال سے دیے گئے اہداف کے مطابق تیاری مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے یونین کونسل سطح سے نیچے وارڈ تک تنظیم سازی کر کے ایک کروڑ انقلابیوں کو تیار کیا ہے۔ بشارت جسپال نے کہا کہ اب دنوں کی بات ہے جب ڈاکٹر طاہرالقادری فائنل کال دیں گے پھر دنیا دیکھے گی کس طرح ایک ایک ضلع سے لاکھوں کی تعداد میں عوام قافلہ انقلاب کا حصہ بنیں گے۔

فیاض وڑائچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالہ سے کہا کہ آج کل حکومت کے خواجہ سرا وزراء بڑی بڑھکیں مار رہے ہیں۔ انقلاب کے بعد جلد وعدہ معاف گواہ بننے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کے علمبردار حکمران آئین پاکستان کے باغی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے پہلے حصہ میں حکومت کو عوام کے حقوق دینے کا پابند کیا گیا ہے اس کو مکمل طور پر معطل کر کے حکمرانوں نے آئین پاکستان سے بغاوت کی ہے۔ موجودہ کاروبار سلطنت عوام کش اور ملک دشمن ہے۔ ان حکمرانوں کے ہوتے ہوئے عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی دیوانے کا ایک خواب ہی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو خوشحالی اور ملکی ترقی کے سہانے خواب دکھا کر بے وقوف بنایا جارہا ہے جبکہ حقیقت میں ان منصوبوں کے ذریعے قومی خزانہ سے کھربوں کی کرپشن کی جا رہی ہے۔ اس طرح عوام کے خون کو چوس کر بیرون ممالک اپنی اولادوں کے لئے بڑی بڑی بزنس ایمپائرز قائم کی جا رہی ہیں۔ فیاض وڑائچ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا انقلاب جمہوری اور آئینی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top