آئین کے آرٹیکل 38 کا نفاذ ہی ہمارا اصل انقلاب ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

انقلاب کے بعد سیاسی، معاشی دہشت گردوں سے قوم کو نجات ملے گی
حکمران اربوں ڈالرز کے قرضے ہڑپ کر گئے مگر قرضوں کا آڈٹ تک نہیں کرایا گیا
اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال کے 5 ہزار عہدیداران کے مشاورتی اجلاس سے مرکزی سیکرٹریٹ میں خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آرٹیکل 38  کا نفاذ ہی ہمارا اصل انقلاب ہے۔ انقلاب کے بعد روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر فرد کو حاصل ہونگی۔ ملک میں جمہوریت نام کی کوئی شے نہیں۔ جمہوریت عوامی شراکت داری سے ہونی چاہیے، جمہوریت کے ثمرات عام آدمی کو اسکی دہلیز پر ملیں گے۔ نااہل حکمرانوں نے ملک کی قومی دولت لوٹ کر دنیا  کے 30 ملکوں میں بزنس ایمپائرز کھڑی کی ہیں اور دولت لوٹ کر سوئس بنکوں کے اکاؤنٹس بھرتے رہے ہیں۔ حکمران اربوں ڈالرز کے قرضے ہڑپ کر گئے مگر قرضوں کا آڈٹ تک نہیں کرایا گیا۔ انقلاب کے بعد سیاسی، معاشی دہشت گردوں سے قوم کو نجات ملے گی۔ یہ بات انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں اوکاڑہ، پاکپتن شریف، ساہیوال کے 5 ہزار عہدیداران کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، شیخ زاہد فیاض، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، ساجد بھٹی، افتخار شاہ بخاری، عین الحق بغدادی و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آئین حکمرانوں کے ہاتھ میں ایک کھلونا ہے۔ 76 فیصد عوام کو انہوں نے تعلیم و شعور کی نعمت سے محروم رکھا ہے۔ 42 سالوں سے جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور حکمرانوں نے آئین کے عوامی حقوق کے آرٹیکلز 3 سے 40 تک کو نافذ نہیں ہونے دیا گیا۔ یہ کام پارلیمنٹ نے کرنا تھا جس میں ڈاکو، چور اور لٹیرے منتخب ہو کر جاتے رہے ہیں۔ جہاں حکمرانوں نے اپنے سیاسی و مالی مفادات کیلئے 20 ترامیم کی ہیں اگر ہم انقلاب کے بعد عوامی مفادات کی 20 ترامیم کر دیں گے تو کیا فرق پڑے گا۔ انقلاب کے بعد معاشی ناہمواری کا خاتمہ کرینگے، دولت کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں گے۔ لوگوں کی انکم اور وسائل کے فرق کو ختم کیا جائیگا، ہر بے گھر کو 3 مرلہ اور 5 مرلہ کے گھر دیے جائیں گے، بے روزگاروں کو روزگار دیا جائیگا، جب تک روزگار میسر نہ ہو گا اس وقت تک بے روزگاری الاؤنس دیا جائیگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top