عوامی، جمہوری انقلاب کے لئے تیاریاں عروج پر، ڈاکٹر طاہرالقادری جلد فائنل کال کا اعلان کرنے والے ہیں۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں نکلنے والے عوامی سیلاب کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی
قافلہ انقلاب نکلے گا ظالم حکمران تنکوں کی طرح بہہ جائیں گے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی کی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ عوامی، جمہوری انقلاب کے لئے تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں نکلنے والے عوامی سیلاب کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکے گی، انقلاب آئے گا اور ملک میں حقیقی عوامی حکومت قائم ہوگی۔ جب قافلہ انقلاب نکلے گا ظالم حکمران تنکوں کی طرح بہہ جائیں گے۔ انقلاب کے بعد ظالم حکمرانوں کا کڑا احتساب ہوگا۔ لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد کے صحافیوں کی ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کے بعد صحافیوں کے اعزاز میں اپنی جانب سے دئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے قاضی فیض الاسلام، عمر ریاض عباسی، مصطفی خان، غلام علی خان، انصار ملک، خاور عباس، اختر راجہ، شمریز اعوان اور حسین علی خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے اسلام آباد سے آئے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا ہر موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ شانہ بشانہ رہا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے وژن اور ایجنڈے کو عوام تک پہنچانے میں بھی میڈیا نے اہم کردار ادا کیاہے۔ انقلاب کی منزل کے حصول تک اور انقلاب کے بعد بھی پاکستانی میڈیا کا اہم کردار ہوگا۔ انہوں نے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام میں آئین پاکستان، قانون اور جمہوریت کا وجود سرے سے ہے نہیں۔ بلکہ سر سے پاؤں تک ملک بھر کے ہر ادارے میں ہر جگہ پر بد ترین آمریت، لاقانونیت اور لوٹ کھسوٹ کا راج ہے۔ آئین پاکستان کو اس کی حقیقی روح کے مطابق بحال کر کے بے بس، مجبور اور پسی ہوئی عوام کے حقوق کی بحالی سے خوشحالی اور پاکستان میں ترقی لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ تین ہفتوں کی تیاری کے بعد کیاگیا جس کا مقصد انتخابی اصلاحات تھا۔ جبکہ انقلاب مارچ موجودہ کرپٹ اور ظالمانہ نظام کو جڑوں سمیت اکھاڑنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ انقلاب کے بعد مختلف شعبہ جات میں اصلاحات لا کر 20 کروڑ عوام کے مایوس چہروں پر مسکراہٹیں اور ویران آنکھوں میں چمک لائی جائے گی۔ اس کے لئے ملک بھر کی تنظیمات نے ایک سال سے دئیے گئے اہداف کے مطابق تیاری مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے یونین کونسل سطح سے نیچے وارڈ تک تنظیم سازی کرکے ایک کروڑ انقلابیوں کو تیار کیا ہے۔ اب دنوں کی بات ہے جب ڈاکٹر طاہرالقادری فائنل کال دیں گے پھر دنیا دیکھے گی کس طرح ایک ایک ضلع سے لاکھوں کی تعداد میں عوام جوق در جوق انقلاب کا حصہ بنیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top