حکومت کے خاتمے تک احتجاج جاری رہےگا کارکن بے شک بھوک ہڑتال کریں: ڈاکٹر طاہرالقادری


موجودہ حکومت جتنا جھوٹ بول رہی ہے اتنا تو کسی آمر نے بھی نہیں بولا ہوگا، ڈاکٹر طاہر القادری

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جب تک حکومت ختم نہیں ہوجاتی اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا اس دوران بے شک کارکنان بھوک ہڑتال کرسکتے ہیں۔

اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ظلم، جبر اور بربریت کی حد کردی ہے، ہمارے کارکنوں پر گولیاں ماری گئیں اور ریکارڈ کو چھپانے کے لئے ان کی گولیاں نکالی ہی نہیں گئیں کیونکہ پمز میں مسلم لیگ (ن) کا قبضہ ہے، اسپتال کے سربراہ کے بھائی اور بھابھی لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ صبح شام پریس کانفرنس اور پارلیمنٹ میں عوام سے جھوٹ بولا جارہا ہے۔ موجودہ حکومت جتنا جھوٹ بول رہی ہے اتنا تو کسی آمر نے بھی نہیں بولا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 روز کے دوران پنجاب بھر سے 2 ہزار 331 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 21 ہزار 373 افراد کو نامعلوم قرار دے کر مقدمے درج کئے گئے اور چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ نامعلوم پرچوں کی بنیاد پر جسے چاہیں حراست میں لے لیں۔ اس کے علاوہ ہماری 32 گاڑیاں پولیس کے قبضے میں ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ وہ حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ وہ گرفتاریاں اور جھوٹے مقدموں کا اندراج آئین کے کس آرٹیکل کے تحت درج کررہے ہیں۔ اگر اسے جمہوریت کہتے ہیں تو وہ جمہوریت پر لعنت بھیجتے ہیں۔ ملک کے عوام کے ذریعے آنے والا انقلاب اس ملک میں ظلم و ستم کا خاتمہ کرے گا اور آنے والا نظام ایک ایک ظلم کا بدلہ لے گا۔

ذرائع: ایکسپریس نیوز آن لائن

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top