ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو جرات، ہمت اور سر اٹھا کر چلنے کا ڈھنگ سکھا دیا ہے۔ رحیق احمد عباسی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو جرات، ہمت اور سر اٹھا کر چلنے کا ڈھنگ سکھا دیا ہے۔ عوام پاکستان کو ظالم حکمرانوں کے ہتھکنڈے سمجھ آ چکے ہیں۔ لوگوں کی ذہنی، فکری سوچیں تبدیل ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کی ضرورت غریب آدمی کو ہے، دولت مند طبقے کو انقلاب کی ضرورت نہیں ہے، انقلاب پسے ہوئے مظلوم طبقے کی ضرورت ہے، جن تعلیم یافتہ جوانوں کو اپنا مستقبل نظر نہیں آتا وہ انقلاب مارچ کا حصہ بن رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انچارج میڈیا سیل مصطفی خان، غلام علی خان بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ملک کے کروڑوں غریبوں کو اپنا حق چھین کر لینے کا شعور دیا ہے۔ غریبوں کی بات کرنے والے پارلیمنٹ کے فلور پر غریبوں کی بات نہیں کرتے، ملک کی نصف سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزار رہے ہیں۔ حکمرانوں نے ملک میں بادشاہت قائم کی ہوئی ہے، حکمران سیاسی طور پر ناخدا بنے بیٹھے ہیں،گزشتہ 6 سالوں میں جرائم کی شرح میں خوفناک اضافہ ناکام حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کانتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار پر براجمان طبقے کا طرز حکمرانی بادشاہت پر مبنی ہے، جس کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ دھرنے ختم کرنے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، کارکن کسی افواہ پر کان نہ دھریں۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کے حقوق کی جنگ آخر دم تک لڑتی رہے گی۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ عوامی تحریک کے قائد ہر فیصلہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو دیکھتے ہوئے کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top