فیصل آباد کے عوام نے عوامی تحریک کے حق میں فیصلہ دے دیا اور حکمرانوں پر عدم اعتماد کر دیا ہے۔ مصطفی خان

پاکستان عوامی تحریک کا 19 اکتوبر کو مینار پاکستان، 23 اکتوبر کو ایبٹ آباد، پھر سرگودھا اور میانوالی میں جلسے کرنے کا اعلان

پاکستان عوامی تحریک کے رہنما انچارج میڈیا سیل مصطفی خان نے کہا ہے کہ طلال چوہدری، عابد شیر علی، پرویز رشید سمیت ن لیگ کے نمائندے، لٹیرے وزراء فیصل آباد میں عوام کے سمندر کو دیکھ کر حواس باختہ ہو چکے ہیں۔ ن لیگ کے نمائندے بوکھلاہٹ کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ اندھے بھی ہوچکے ہیں جن کو فیصل آباد میں عوام کے سروں کا سمندر نظر نہیں آیا۔ فیصل آباد اب آمریت کی پیداوار ن لیگ کا نہیں بلکہ عوام پاکستان اور عوامی تحریک کا قلعہ ثابت ہو چکا ہے۔ فیصل آباد کے عوام نے عوامی تحریک کے حق میں فیصلہ دے کر حکمرانوں پر عدم اعتماد کر دیا ہے۔ ن لیگ  آپریشن ضرب عضب کے حق میں نہیں تھے، علاوہ ازیں بھارتی جارحیت بھی نواز اور مودی کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس نظام کا حصہ نہیں بن رہے، ہم نے نظام کو شفاف بنانا ہے، ہم گلو کریسی کا خاتمہ کریں گے۔ ہم بلٹ کے ذریعے نہیں بلکہ بیلیٹ کے ذریعے تبدیلی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کی بڑی کامیابی عوام کو شعور ملنا ہے۔ دھرنے نے پوری قوم کو حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار سے آگاہ کیا۔ عوام کو بنیادی ضروریات نہیں دی گئیں۔ دھرنے کے باعث عوام کو شعور مل گیا، اب تبدیلی آئے گی خواہ انقلاب کے ذریعے آئے اور خواہ انتخابات کے ذریعے آئے۔اب مقابلہ سٹیٹس کو کے نمائندوں اور غریب عوام کا ہوگا۔ اب مقابلہ ظالم اور مظلوم کے درمیان ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک نے عملی سیاست میں حصہ لینے کے اعلان کے بعد فیصل آباد میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا، علاوہ ازیں 19 اکتوبر کو مینار پاکستان، 23 اکتوبر کو ایبٹ آباد، پھر سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں بھی عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top